حکومت پنجاب نے لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں نرسوں کی 227 نئی ایڈہاک آسامیوں کی منظوری دیدی

لاہور(ثناء نیوز) حکومت پنجاب نے لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں نرسوں کی 227 نئی ایڈہاک آسامیوں کی منظوری دیدی جس کا محکمہ صحت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور ہسپتالوں کے بورڈ آف مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ 5 ماہ قبل ڈینگی کیلئے بھرتی ہونیوالی نرسوں کی تنخواہوں کی ادائیگی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی ہدایت پر گزشتہ سال ڈینگی کی جنگ میں مریضوں کو بچانے کیلئے نرسوں کو بھرتی کرکے ایسے ہسپتالوں میں تعینات کردیا گیا تھا جہاں خالی آسامیاں ہی نہیں تھیں جس کی وجہ سے نرسیں بغیر تنخواہ کے فرائض سرانجام دینے پر مجبور تھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو نرسوں کو تنخواہیں نہ ملنے کا علم ہوا تو انہوں نے اس مسئلے کو فوری حل کرنے کا حکم دیا جس پر محکمہ صحت نے مذکورہ نرسوں کو انہی ہسپتالوں میں ایڈجسٹ کرنے کیلئے 227 نئی آسامیوں کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بلاتاخیر تنخواہیں ادا کی جائیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ نے حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ تنخواہیں دینے کیلئے ان کے پاس فنڈز نہیں ہیں۔ اس حوالے سے جب ایڈیشنل سیکرٹری صحت یاور حسین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فنڈز فراہم کردیئے جائیں گے۔




تبصرے