برمنگھم کی عدالت نے پچھلے برس فسادات میں 3 پاکستانی نوجوانوں کو ہلاک کرنے میں ملوث آٹھوں ملزموں کو بری کردیا ہے
برمنگھم(ثناء نیوز) برمنگھم کی عدالت نے پچھلے برس فسادات میں 3 پاکستانی نوجوانوں کو ہلاک کرنے میں ملوث آٹھوں ملزموں کو بری کردیا ہے جس پر برطانیہ میں مقیم سیکڑوں پاکستانیوں نے احتجاج کیا ہے اور فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کیا ہے. ہارون جہان اور 2 بھائیوں شہزاد علی اور عبدالمصور کو ونسن گرین کے علاقے میں گاڑیوں سے کچل کر ہلاک کردیا گیا تھا 10 اگست 2011 میں اس واقعے کے وقت تینوں نوجوان اہل محلہ کے ساتھ مل کر علاقے کی دکانوں کو لوٹ مار سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے. جج کا کہنا تھا کہ تینوں کو مارنے کی منصوبہ بندی سامنے نہیں آسکی. مظاہرین سے خطاب میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی لٹیروں کے خلاف ڈھال بنی تھی مگر اس کے ساتھ تعصب کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور عدالتی نظام سے ان کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔