صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ پنشنرزمیں پنشن کی تقسیم کو سمارٹ کارڈ کے ذریعے کرنے کے لیے انتظامات کیے جائیں خاص طور پر معذور افراد میں پنشن کی تقسیم میں سمارٹ کارڈ کے ذریعے یقینی بنایا جائے
اسلام آباد(ثناء نیوز )صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ پنشنرزمیں پنشن کی تقسیم کو سمارٹ کارڈ کے ذریعے کرنے کے لیے انتظامات کیے جائیں خاص طور پر معذور افراد میں پنشن کی تقسیم میں سمارٹ کارڈ کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔صدر مملکت نے یہ ہدایت ماہانہ پنشن وصول کرنے کے موقع پر پنشنرزکو پیش آنے والی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے جاری کی۔ اس حوالے سے خصوصی اجلاس صدر آصف علی زرداری کے زیر صدارت ایوان صدر میں ہوا۔اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان ،سیکرٹری خزانہ،صدر نیشنل بینک،چیئرمین نادرا،ڈائریکٹر جنرل سیونگز اور صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی نے شرکت کی۔ صدارتی ترجمان فرحت اﷲ بابر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے لائنوں میں لگ کر پنشن وصول کرنے اور دن بھر لائنوں میں کھڑے رہنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنشنرزدن بھر اپنے زندہ ہونے کے سرٹیفکیٹس لیے لائنوں میں کھڑے رہتے ہیں جن میں معذور پنشنرزبھی شامل ہوتے ہیں جو ویل چیئر پر آتے ہیں انہوں نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنشنرزکو سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ پر کام کریں اور ان کو بائیو میٹرک سمارٹ کارڈ فراہم کیے جائیں تاکہ وہ کسی بھی بائیو میٹرک اے ٹی ایم مشین پر اپنی پنشن وصول کر سکیں۔چیئرمین نادرا نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نادرا سمارٹ کارڈ کے ذریعے پنشن کی تقسیم پر کام کر رہا ہے۔بینکوں کی ای سہولت کے ذریعے انہیں پنشن دی جائے گی۔اس پروگرام کو دو مرحلوں میں لانچ کیا جائے گا۔پہلے فیز میں ملک بھر میں تمام پنشنرزکی رجسٹریشن کی جائے گی اور پھر انہیں سمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں پنشنرزکو نادرا کی ای سہولت بینکنگ فر نچائز کے ذریعے پنشن فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر میں 6000 فرنچائزز موجود ہیں جبکہ ضرورت کے مطابق لوگ مزید فر نچائزز قائم کی جائیں گی۔پنشنرز اپنے سمارٹ کارڈ کے ذریعے قریب ای سہولت فر نچائز سے نادرا بائیو میٹرک سمارٹ کارڈ کے ذریعے اپنی شناخت کروا کر اپنے پنشن وصول کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ کارڈ رکھنے والے کو اپنے زندہ ہونے کا کوئی بھی ثبوت نہیں دینا پڑے گا کیونکہ یہ سمارٹ کارڈ زندہ شخص کے انگوٹھے کے نشان کو قبول کرے گا۔ پنشنرز اپنی پنشن کسی بھی بائیو میٹرک اے ٹی ایم سے حاصل کر سکے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وہ پنشنرزجو دس ہزار سے کم پنشن وصول کرتے ہیں انہیں سمارٹ کارڈ مفت فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیاکہ معذور پنشنرز کو پنشن کی رقم ان کے گھر پر فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ وہ مجوزہ منصوبہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان ، وزارت خارجہ اور نیشنل بینک کی مشاورت سے 14 اگست کو کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں
تبصرے