حکمران تحاد کے نامزد امید وار راجہ پرویز اشرف وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں وہ ملک کے 25 ویں وزیر اعظم ہیں
اسلام آباد(ثناء نیوز ) حکمران تحاد کے نامزد امید وار راجہ پرویز اشرف وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں وہ ملک کے 25 ویں وزیر اعظم ہیں۔وزارت عظمیٰ کے لیے راجہ پرویز اشرف نے 211ووٹ حاصل کیے ۔ ون ٹو ون مقابلہ ہوا۔اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سردار مہتاب احمد خان نے 89 ووٹ حاصل کیے۔وزارت عظمیٰ کے تیسرے امیدوار مولانا فضل الرحمن عین وقت پر دستبردار ہو گئے تھے۔ دستبرداری کا اعلان انہوں نے اجلاس کی کارروائی کے دوران کیا۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے اراکین وزیر اعظم کے انتخاب سے متعلق کارروائی میں غیر جانبدار ہے۔جمعہ کو قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی صدارت میں میں ہوا۔سپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کے انتخاب اور رائے شماری کے طریقہ کار سے ارکان کو آگاہ اور وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کا اعلان کیا۔ مخدوم شہاب الدین اور قمر زمان کائرہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے ۔مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم کے انتخاب میں غیر جانبدار رہنے کا اعلان کیا۔ ایوان میں ارکان کی آمد کے لیے پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں۔ بعد ازاں ایوان کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے۔...