مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہےکہ صدر آصف علی زرداری نے اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے پاکستان کو پوری دنیا میں تماشا بنا دیا ہے


اسلام آباد(ثناء نیوز )مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہےکہ صدر آصف علی زرداری نے اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے پاکستان کو پوری دنیا میں تماشا بنا دیا ہے۔ لٹیرے سیاسی شہید نہیں بن سکتے بلکہ سیاسی یتیم بن جائیں گے، کوئی مقدس گائے نہیں بلاامتیاز سب کے احتساب کا شفاف نظام ہونا چاہئیے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکمرانوں نے ملک کو ان گنت بحرانوں میں ڈال دیا ہے۔ وزارت عظمی کے منصب کو خودکش حملہ آور بنا دیا گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ آصف علی زرداری سوئس بینکوں میں پڑے چھ ارب روپے واپس نہیں لائیں گے اور ہر آنے والے وزیراعظم کو قربانی کا بکرا بناتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت انتہائی حساس چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک میں ناقابل برداشت مہنگائی، بے روزگاری اور بیس سے بائیس گھنٹے کے لوڈ شیڈنگ نے عوام سے سکون چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب پاکستان مسلم لیگ ن کے وزارت عظمی کے امیدوار ہیں اگر وہ منتخب ہوگئے تو فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کے انتخاب میں عوام دیکھ لے گی کہ لوڈ شیڈنگ اور کرپشن کا ساتھ دینے والے کون ہیں اور جمہوریت اور اداروں کے استحکام کے لیے کام کرنے والے کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی اپنے اندر خوداحتسابی کا عمل شروع کرے ۔ چیف جسٹس کی مثال ان کے سامنے ہے جنہوں نے اپنے بیٹے کو کٹہرے میں کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ملک ریاض کے ساتھ ان کی کوئی کاروباری شراکت نہیں۔ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں اوپن بولی کے ذریعے ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ نوازشریف نے کہا کہ وزیر اعظم کے الیکشن میں ارکان قومی اسمبلی کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ بد عنوانی،لوڈ شیڈنگ اور بد انتظامی کے ساتھ ہیں یا عوام اور قانون کی بالادستی کے حامی ہیں۔ میری پہلی ترجیح ملک کومزیدبدانتظامی سے بچاناہے، لٹیرے سیاسی شہید نہیں بن سکتے بلکہ سیاسی یتیم بن جائیں گے، کوئی مقدس گائے نہیں، بلاامتیاز سب کے احتساب کا شفاف نظام ہونا چاہئیے۔میاں نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی کوبتایا کہ انہوں نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کو پیشکش کی ہے کہ وہ وزیر اعظم کے لئے اپنا امیدوار لے آئیں مسلم لیگ ن حمایت کرے گی، کیوں کہ ملک میں حقیقی استحکام کے لے نئے انتخابات اشد ضروری ہیں اور اس کے لئے غیر جانب دار نگران حکومت کا قیام ناگزیر ہے.اس سے قبل فاٹا کے رہنما حمید اللہ جان آفریدی نے ساتھویں سمیت میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ میاں نواز شریف نے انہیں بھی پیشکش کی کہ وہ اپنا امیدوار لے آئیں ان کی حمایت کی جائے گی۔

تبصرے