نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج جمعہ کو ہوگا۔


اسلام اباد(ثناء نیوز )نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج جمعہ کو ہوگا۔۔صدر مملکت آصف زرداری نے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلیئے جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ قومی اسمبلی میں بائیس جون کو ملک کے پچیسویں وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔ آئین کے قوائد بتیس اور تینتیس کے مطابق اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا ۔ بائیس جون کو اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا ہوگا جس میں صرف نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔ قومی اسمبلی میں ڈویژن یعنی تقسیم کی بنیاد پر ووٹنگ کا عمل ہوگا ۔اس طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی میں دو لابیوں کو ووٹنگ کے لیے مخصوص کیا جائے گا ۔ امیدوار اپنے اپنے امیدوار کے حق میں دو مختلف لابیوں میں جائیں گے جہاں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرے گا ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جیتنے والے امیدوار کے نام اور حاصل کردہ ووٹوں کا اعلان کیا جائے گا اس طرح نئے وزیر اعظم کا انتخاب مکمل ہوگا ۔نئے وزیر اعظم ممکنہ طور پر ایوان میں پہلی تقریر بھی کریں گے جس کے بعد نومنتخب وزیر اعظم ایوان صدر جاکر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ تین سو بیالیس رکنی ایوان میں قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے ایک سو بہتر ووٹوں کا حصول لازمی ہے۔ دریں اثنا صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کے عہدے کے لئے مخدوم شہاب الدین کو نامزد کردیا ہے۔مخدو م شہاب الدین کی نامزدگی کا فیصلہ صدر زرداری کی زیرصدار ت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس نے منگل کو مخدوم شہاب الدین کے نام پر اتفاق کر لیا تھا۔دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم کے لئے مہتاب عباسی کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ میاں نواز شریف نے مہتاب عباسی کی حمایت کے لئے مولانا فضل الرحمن کو فون کیا جس کے بعد ن لیگ کے دو رکنی وفد نے مولانا سے ملاقات کی اور انہیں اعلی عدلیہ کے فیصلوں پر متحد ہونے اور نگران سیٹ کے قیام کے روڈ میپ کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے کی دعوت بھی دی۔ تاہم مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کے کسی اہم رہنما کے بجائے 2 ایم این ایز کو ملاقات کے لئے بھیجنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا۔ اس سے پہلے صدرزرداری نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کر کے حکومت میں واپسی کی دعوت دی جبکہ صدر کے معتمد خاص ڈاکٹر قیوم سومرو اور حمیداللہ جان آفریدی نے مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے مخدوم شہاب الدین کو ملک کا نیا وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہی ڈپٹی وزیراعظم ہونگے یہ فیصلہ رات گئے صدر زرداری اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے دیگر اتحادی رہنماؤں کیساتھ مشاورت میں کیا ہے ۔

تبصرے