ملتان وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی ’’ کےئر ٹیکر ‘‘ حکومت آئے گی اور نہ ’’چےئرٹیکر ‘‘ ، نہ وزیر اعظم اوپر جائے ، نہ اندر جائے گا اور نہ ہی باہر جائے گ
ملتان (ثناء نیوز )وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی ’’ کےئر ٹیکر ‘‘ حکومت آئے گی اور نہ ’’چےئرٹیکر ‘‘ ، نہ وزیر اعظم اوپر جائے ، نہ اندر جائے گا اور نہ ہی باہر جائے گا ۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کسی بیرونی دباؤ کو برداشت نہیں کریں گے ۔ امریکا سے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ۔کبھی اچھے ہوتے ہیں اور کبھی برے ۔ تیل کی قیمتیں عالمی منڈی کے حساب سے بڑھتی ہیں ۔ عوامی لوگ ہیں اور اپنے وسائل میں رہ کر عوام کی خدمت کرتے ہیں ۔سرائیکی صوبہ عوام کا مطالبہ ہے ۔ میرا ذاتی مطالبہ نہیں جبکہ بہاولپور ، ہزارہ اور تھل صوبوں کا مطالبہ سرائیکی صوبہ کے مطالبہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہے اسے ناکام بنائیں گے اور سرائیکی صوبہ کے لیے قرار داد بھی اتحادیوں سے مشاورت کے بعد لائیں گے ۔ میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگانا چاہتے اسے مزید آزادی دیں گے ۔ارتقائی عمل سے گزر رہے ہیں ۔ چاہتے ہیں عدلیہ ، میڈیا ، پارلیمنٹ سب مضبوط ہوں اور اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں ۔ مئی میں بجٹ پیش کریں گے ۔ میڈیا مسائل کی نشاندہی کرے عوام کو ریلیف دیں گے ۔ حکومت تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم گیلانی نے ملتان میں ائیر یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب اور بعد میں میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمگیریت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا ۔ کیمپس کے قیام سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں میسر آئیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم حاصل کر کے اقوام متحدہ عالم میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔ ملتان میں ائیر یونیورسٹی کا قیام میری خواہش تھی ۔ تعلیم کے فروغ میں میرے خاندان کی گراں قدر خدمات ہیں ۔ نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں ائیریونیورسٹی کا اہم کردار ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے تمام صوبوں کو اربوں روپے فراہم کر دئیے ہیں ۔ ملک میں ہر یونین کونسل میں انفارمیشن سینٹر بنے گا جس سے ہر یونین کونسل میں 5 سے 10 لوگوں کو نوکری ملے گی اور پورے ملک میں لاکھوں نوکریاں پیدا ہو ںگے اور دور دراز علاقوں میں بیٹھ کر لوگ دنیا سے رابطہ میں ہوں گے ۔ دنیا سے مقابلہ کے لیے انفارمیشن ہونی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگے گی بلکہ مزید آزادی دیں گے ۔ ہم نے اطلاعات تک رسائی کے لیے پورے ملک میں قانون پاس کیا ہے ۔ میڈیا جتنا اطلاعات کو ہمارے خلاف استعمال کرے گا اس کا ہمیں اتنا ہی فائدہ ہوگا ۔ہم ارتقائی عمل سے گزر رہے ہیں ہم چاہتے ہیں عدلیہ ، پارلیمنٹ ، میڈیا اور تمام دوسرے ادارے مضبوط ہوں اور اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں ۔ برداشت ہی کامیابی کی ضمانت ہے میں نے پانچ سال جیل میں گزارے ، میں نے تاریخ سے سبق سیکھا ہے ۔ آج ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہم کسی کو سیاسی انتقام کانشانہ نہیں بنانا چاہتے ۔ہم اداروں کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں ۔ اس وجہ سے ہم نے 1973 ء آئین کو اصلی شکل میں بحال کیا جبکہ بروقت سینٹ انتخابات کروا کر بہت سی پیشگوئیوں کو غلط ثابت کر دیا ۔ مئی میں بجٹ پیش کریں گے جو ملک کی تاریخ میں پہلی سیاسی حکومت ہوگی ۔ جو پانچواں بجٹ پیش کرے گی میڈیا مسائل لکھے ہم عوام کو ریلیف دیں گے ۔ ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے ۔ ہم چار سال میں کسی کے دباؤ میں نہیں آئے ۔ ہمارے مختلف ممالک سے دو طرفہ تعلقات ہیں اور ایران کے ساتھ بھی ایسے ہی تعلقات ہیں اور ملکی مفاد کے لیے کام کریں گے اور کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرائیکی صوبہ کے حوالہ سے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ فیصلے کریں گے ۔ سرائیکی صوبہ ایک جیون مسئلہ ہے جبکہ ہزارہ ، بہاولپور اور تھل صوبوں کا مطالبہ سرائیکی صوبہ کے مطالبہ کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ۔ تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور سرائیکی صوبہ کے لیے قرار داد بھی پیش کریں گے ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے کبھی اچھے ہوتے ہیں اور کبھی برے ۔ ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مسئلہ ہے یہ پاکستان کنٹرول نہیں کرتا اگر قیمت بڑھتی ہے تو پوری دنیا میں بڑھتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے ہیں اور عوام کی امنگوں کی ترجمانی وسائل کے مطابق کرتے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں ٹی سی پی کو کاشتکاروں کو ریلیف دینے کا کہوں گا ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نہ ملک میں کےئر ٹیکر حکومت ہوگی نہ چےئرٹیکر ہو گی نہ وزیر اعظم اوپر جائے گا نہ اندر جائے گا اور نہ وزیر اعظم باہر جائے گا ۔جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف راؤ قمر سلیمان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا حصول ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں ملتان میں ائیر یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں یونیورسٹی تعلیمی میدان میں اہم کردار ادا کرے گی
تبصرے