چیف کمشنر اسلام آباد طارق محمود پیر زادہ اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں جعلی اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیاہے
اسلام آباد(ثناء نیوز)چیف کمشنر اسلام آباد طارق محمود پیر زادہ اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں جعلی اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیاہے ۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ نعمان یوسف نے ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر محمد اظہر اور ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کے ہمراہ بہارہ کہو میں عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوے تین کلینکس او ر پرائیویٹ میڈ یکل سنٹرز کو پی ایم ڈی سی آرڈینینس اور ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر سیل کردیئے ہیں ۔ سیل شدہ کلینک اور میڈیکل سنٹرز کو غیر قانونی طور پر عطائی ڈاکٹر چلارہے تھے ۔ ڈاکٹر اظہر نے بتایاکہ جو کلینک سیل کئے گئے ان کے نام سیمی میڈیکل سنٹر ، الفلاح کلینک اور رابرٹ کلینک ہیں اور ایک غیر قانونی لیبارٹر ی خالصہ کو بھی سیل کردیا گیا ہے ۔ دوائیاں اور میڈیسن قبضے میں لے کر ان کے سمپل لیبارٹری تجزیے کے لئے بھیج دیئے ہیں ۔ تینوں سیل شدہ کلینکس کو پی ایم ڈی سی آرڈینیس کے تحت چالان کیاگیاہے اور قانونی کاروائی شروع کردی گئی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سکرٹریٹ نعمان یوسف نے بتایاکہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف جو مہم بہارہ کہو سے شروع کی گئی ہے اسے دیگر دیہی علاقوں میں جاری رکھا جائے گا اور جلد ہی ٹیم دوسرے علاقوں میں بھی چیکنگ شروع کرے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران کل 19پرائیویٹ میڈیکل سنٹرز اور کلینکس کی چیکنگ کی گئی ہے اور ان میں سے تین کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوے انھیں سیل کیاگیاہے
تبصرے