صدر مملکت صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی پر ایک انگلی اٹھائی جائے تو تین انگلیاں اپنی طرف بھی

اسلام آباد(ثناء نیوز )صدر مملکت صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی پر ایک انگلی اٹھائی جائے تو تین انگلیاں اپنی طرف بھی اٹھتی ہیں لہٰذا ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے۔ وہ اسلام آباد میں ایوان صدر میں لیڈر آف ٹو مارو کی تقریب کے دوران نوجوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔صدر زرداری نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم،ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سوچ کو آگے لے کر بڑھنا ہے اور الزام تراشی کے بجائے مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ملک ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ میں نے دورہ بھارت کے دوران یہی پیغام بھارت کو دیا کہ ہمسائیوں کے ساتھ مل کر رہنا چاہیے۔پاکستان اور بھارت کو اچھے پڑوسیوں کی طرح مل کر رہنا ہو گا۔ آپس میں تعلقات ختم نہیں کر سکتے۔پاکستان کی معیشت سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک معدنی وسائل سے مالا مال ہے ہمیں ان وسائل کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرتے ہوئے مسائل کو ختم کرنا ہے اور مسائل کے حل کے لیے ہم دنیا سے علیحدہ نہیں رہ سکتے۔صدر زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ایک آمر نے جمہوری حکومت کو ختم کر کے آمریت کی بنیاد رکھی تھی لیکن عوام کا فیصلہ ہی بہترین حکومت کا انتخابب کر سکتا ہے۔جمہوری ھکومت عوام کی خدمت اور خوشحالی پر یقین رکھتی ہے

تبصرے