وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انہیں غیر آئینی طریقہ سے ہٹانے کی کوشش ہورہی ہیں جو کامیاب نہیں ہوں گی۔
لاہور (ثناء نیوز) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انہیں
غیر آئینی طریقہ سے ہٹانے کی کوشش ہورہی ہیں جو کامیاب نہیں ہوں گی۔ عوام
کی طاقت سے اقتدر میں آئے ہیں جب تک عوام کی حمایت حاصل رہے گی حکومت کریں
گے۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم پنجاب حکومت کا کوئی کارنامہ نہیں ہے ہم براڈبینڈ
سروس نہ دیں تو لیپ ٹاپ کہاں چلے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ
روز ایکسپو سنٹر لاہور میں ورچوئل یونیوسرٹی آف پاکستان کے تیسرے کانووکیشن
سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے
طلبہ و طالبات کو 20ملین روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ کانووکیشن سے
وفاقی وزیر آئی ٹی و ورچوئل یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار راجہ پرویز اشرف نے
بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع اور پیپلز پارٹی پنجاب کے
صدر امتیاز صفدر وڑائچ اور یونیورسٹی کے بورڈ آف گورننس کے چیئرمین فاروق
اعوان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے غیر آئینی طریقہ سے ہٹانے کی
کوشش کی جارہی ہے لیکن ان کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ
ہم چور دروازے سے نہیں عوام کی طاقت کے ذریعے آئے ہیں جب تک عوام کی حمایت
حاصل رہے گی حکومت کریں گے کسی کے پیٹ میں تکلیف نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں
نے کہا کہ پنجاب میں کمپیوٹر کی تقسیم کوئی کارنامہ نہیں ہے اگر ہم براڈ
بینڈ نہ دیں تو کمپیوٹر کہاں چلے گا۔ میں بھی کمپیوٹردے سکتا ہوں۔ انہوں نے
کہاکہ اصل خدمت وفاقی حکومت آئی ٹی اصلاحات کے ذریعے کررہی ہے۔ انہوں نے
کہا کہ میں نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ بجٹ میں ایک لاکھ
نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں صرف آئی ٹی کے شعبہ میں 30 ہزار
نوجوانوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں جی III کا
لائسنس مل جائے وہاں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور وہاں کی حکومت
الیکشن میں شکست نہیں کھاتی جو دوسری سیاسی جماعتوں کیلئے خطرناک بات ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ٹی پروگرام کو یونین کونسل اور دیہات کی سطح تک لے
جائیں گے جبکہ ورچوئل یونیورسٹی میں ایک گھنٹہ فری سیٹلائٹ سروس دی جائے
گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جی III کو جلد
از جلد متعارف کروایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت براڈ بینڈ
پروگرام کیلئے 17ارب روپے فراہم کرچکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی
آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے جو قوم کے لئے تحفہ ہے۔ انہوں نے
کہاکہ حکومت کا ویژن ہے کہ تمام صوبوں میں تعلیم کی یکساں سہولتیں فراہم کی
جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی کے مزید 34 کیمپس بنائے جائیں گے
جن میں فاٹا اور گلگت بلتستان کے علاقے بھی شامل ہوں گے میں نے سی ڈی اے
کو ہدایت کی ہے کہ ورچوئل یونیورسٹی کیلئے زمین کا انتخاب جلد از جلد کیا
جائے۔
تبصرے