)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز میں حالیہ بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں، اسٹریٹ کرائمز، بھتہ، اغواء برائے تاوان اور دہشتگردی پر فوری قابو پایا جائے
کراچی(ثناء نیوز)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز میں حالیہ بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں، اسٹریٹ کرائمز، بھتہ، اغواء برائے تاوان اور دہشتگردی پر فوری قابو پایا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری ہدایات جاری کریں اور ایم اے جناح روڈ پر واقع آٹو اسپیئر پارٹس مارکیٹس سے اغوا شدہ دو تاجر بھائیوں کو فوری بازیاب کروایا جائے۔چیئرمین پاکستان آٹوموبائیل اسپیئر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن خالدمحمود مگوں کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفدکوکے سی سی آئی کے قائمقام صدر یونس محمد بشیر نے امن و امان سے متعلق تمام مسائل پر مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی اور کہا کہ بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے بزنس کمیونٹی کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، تاجر وصنعتکار برادری بھتہ مافیا، اسٹریٹ کرائمز، اغواء برائے تاوان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نہ صرف متحد ہے بلکہ کسی ایسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی جس میں تاجر برادری کو تقسیم کر کے جرائم پیشہ عناصر کا راج قائم کیا جا سکے، کراچی چیمبر شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومت سندھ کی اعلیٰ قیادت اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے ساتھ رابطے میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اغوا شدہ تاجر بھائیوں کی بازیابی کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو ایکخط فوری طور پر تحریر کیا جائے گا اور چیمبر کا اعلیٰ سطح وفد چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی کی قیادت میں وزیر اعلیٰ سے فوری ملاقات کرکے کراچی کی مارکیٹوں بالخصوص ایم اے جناح روڈتبت سینٹر پر واقع آٹو اسپیئرمارکیٹ اور جوڑیا بازار میں بڑھتی ہوئی حالیہ جرائم پیشہ سرگرمیوں پر آگا ہ کرے گا۔ انہوں نے چیئرمین اور وفد کے اراکین کو تجویز بھی دی کہ مارکیٹ میں پولیس چوکیوں کے قیام عمل میں لائیں ، مارکیٹوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر حفاظتی دروازوں کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے ساتھ حفاظتی اقدامات کریں۔ ملاقات میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انجم نثار، ضیاء احمد خان، مجید میمن، یونس سومرو اور منیجنگ کمیٹی بھی موجود تھے
تبصرے