امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان میں استحکام خطے اور دنیا کے امن کے لیے ضروری ہے۔

شکاگو (ثناء نیوز ) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان میں استحکام خطے اور دنیا کے امن کے لیے ضروری ہے۔ دنیا کو افغانستان کے امن میں گہری دلچسپی ہے۔2014 میں افغانستان سے نیٹو انخلاء کے بعد بھی افغان فورسز کے ساتھ تعاون جاری رہے گا اسے تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شکاگو کانفرنس سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ خطے کا امن افغانستان کے استحکام سے ہے ہم افغانستان کے استحکام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رہے ہیں اتحادی افواج نے افغانستان میں طالبان کا زور توڑ دیا ہے۔ گزشتہ 2 سالوں میں اہم کامیابیوں ملی ہیں۔ انخلاء سے قبل افغان سیکورٹی فورسز کو مضبوط بنا دیا جائے گا۔ اب بھی وہ افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔75 فیصد افغان عوام نے اعتراف کیا ہے کہ افغان فورسز کنٹرول سنبھالنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلانیہ منصوبے کے مطابق افغانستان سے انخلاء 2014 تک مکمل ہو جائے گا اور امید ہے کہ ایسا ہی ہو گا۔ امریکہ افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور انخلاء کے بعد بھی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ہمارا اسٹریٹیجک معاہدہ افغانستان کو پاؤں پر کھڑا کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی افغانستان کے استحکام میں گہری دلچسپی ہے افغانستان میں استحکام خطے کے امن کے لیے ضروری ہے اور دنیا میں امن کے لیے ضروری ہے کہ اس خطے میں امن ہو2013 میں 75 فیصد افغان فورسز کو سیکورٹی کی ذمہ داریاں دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے سپلائی روٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد نیٹو افغان فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تا کہ افغانستان میں امن کے قیام میں افغان فورسز کو کوئی دقت پیش نہ آئے۔




تبصرے