وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ وزیر اعظم کو نا اہل دیکھنا چاہتے ہیں ،جب تک اپیل کا فیصلہ نہیں آ تا یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم رہیں گے
اسلام آباد (ثناء نیوز )وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ وزیر اعظم کو نا اہل دیکھنا چاہتے ہیں ،جب تک اپیل کا فیصلہ نہیں آ تا یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم رہیں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر نذر محمد گوندل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنی خواہشات کو عدالتی فیصلے سے منسوب کرنا بھی ایک طرح کی توہین عدالت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ ان حالات میں سراسر نا جائز ہے ایسا کرنے والے قانون کا احترام کریں۔راجہ پرویز اشرف نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ میڈیا کے ایک حصے نے گھنٹوں کا فیصلہ پڑھے بغیر تبصرے کیے ایسا لگ رہا تھا جیسے عدالت کے باہر میڈیا کی عدالت لگی ہوئی ہے بعض اینکرز کے تبصرے ذاتی عناد پر مشتمل نظر آ رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبے کے بارے میں قومی اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد خوش آئند ہے اور پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد پیش ہوئی اور متفقہ طور پر منظور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آمریت کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد ہم نے جمہوریت بحال کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء عدالتی فیصلوں پر جیلوں میں قید ہوئے اور پیپلز پارٹی کے ہی وزیر اعظم طلب کیے جانے پر تین بار پیش ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔ ایک سوال پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جن لوگوں میں کسی قسم کا صوبائی عنصر ہو وہ ملکی سیاست میں کیا کردار ادا کریں گے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تفصیلی فیصلے میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ مخصوص افراد کی خواہش اس تفصیلی فیصلے میں کہیں نظر نہیں آئی ۔تفصیلی فیصلے میں مختصر فیصلے کی تفصیلات ہیں۔ اعتزاز احسن نے متعدد فورم پر کہا کہ اپیل کا ہمیں حق حاصل ہے۔ سپریم کورٹ کے مشکور ہیں کہ تفصیلی فیصلے کے بعد ابہام دور ہو گیا کابینہ قانونی مشیروں اور اتحادیوں کا ایک ہی موقف ہے کہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لیے قومی اسمبلی میں قراردادوں کی منظوری خوش آئند ہے جنوبی پنجاب کے عوام کو یہ خوشخبری صدر آصف علی زرداری نے وہاں جا کر سنائی تھی پیپلز پارٹی کے اقدام کے باعث پنجاب اسمبلی میں بھی قرار داد منظور ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی نئے صوبے کا قیام اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔ جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور کچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں ہے پھانسیاں دیئے جانے کے باوجود پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اور آئندہ بھی کرتی رہے گی جبکہ وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے کہا ہے کہ عدلیہ کے خلاف نہ کبھی ب ات کی ہے اور نہ کبھی بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے وزیر اعظم سے سوال ہی نہیں کیا تو صفائی کیسے پیش کی جاتی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عدالتی حکم پر تین بار عدالت میں پیش ہوئے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ وزیراعظم نے عدلیہ کے احترام میں مثبت رویہ اپنایا اور (ن) لیگ کی قیادت کا رویہ بھی ہمارے سامنے ہے
تبصرے