امریکا نے اسرائیل کو کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور راکٹوں کی روک تھام کے لیے تیار کیے گئے”میزائل شکن” نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ستر ملین ڈالرز کی نئی امداد کا اعلان کیا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (ثناء نیوز ) امریکا نے اسرائیل کو کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور راکٹوں کی روک تھام کے لیے تیار کیے گئے”میزائل شکن” نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ستر ملین ڈالرز کی نئی امداد کا اعلان کیا ہے۔اسرائیل کے ایک عبرانی اخبار”اسرائیل ھیوم” نے گزشتہ روز اپنی اشاعت میں شامل رپورٹ میں اطلاع دی ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیردفاع ایہود باراک نے اپنے امریکی ہم منصب لیون پینیٹا سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہ نماؤں کے درمیان اسرائیل کو مزید دفاعی شعبے میں امداد کی فراہمی پر مذاکرات کیے گئے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی وزیردفاع نے اپنے صہیونی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ دفاع پینٹاگان جلد ہی تل ابیب کو”آئرن ڈوم” سسٹم کی تجدید کے لیے ستر ملین ڈالرز کی نقد امداد فراہم کرے گا۔ یہ رقم اسرائیل میزائل شکن نظام میں استعمال ہونے والی بیٹریوں کی خریداری پر صرف کرے گا۔امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا نے کہا کہ ان کا ملک اسرائیل کو نہ صرف اگلے مالی سال میں دفاعی بجٹ کے سلسلے میں وعدے کے مطابق امداد دے گا بلکہ دفاع کے میدان میں اسرائیل کو مضبوط کرنے کے لیے اگلے تین سال کی امداد بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی سلامتی امریکا کی سلامتی ہے۔ امریکا اسرائیل کے دفاع سے ہرگز غافل نہیں رہے گا۔ اسرائیل کو سالانہ تین ارب ڈالرز کی جو امداد دی جاتی ہے اس میں اضافہ کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع نے اپنے امریکی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی امریکا اسرائیل کی حساس سیکیورٹی کی ضرورت کا احساس کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ خیال رہے کہ امریکا اسرائیل کو میزائل شکن نظام اور دیگر دفاعی شعبے میں ہتھیاروں کی تیاری کی مد میں چھ ارب اسی کروڑ ڈالرز کی امداد دے چکا ہے۔

تبصرے