صوبائی دارالحکومت پشاورمیں چارسدہ روڈ پر ہونے والے بم دھماکے میں 19افراد جاں بحق


پشاور(ثناء نیوز)صوبائی دارالحکومت پشاورمیں چارسدہ روڈ پر ہونے والے بم دھماکے میں 19افراد جاں بحق جبکہ 40سے زائد زخمی ہو گئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں ۔دھماکہ پشاورکے نواحی علاقے گل بیلہ میں چارسدہ روڈ پر تھانہ داؤدزئی کی حدود میں سیکرٹریٹ ملازمین کی گاڑی کے قریب ہوا جس سے گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔11افراد کی لاشیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال جبکہ 8لاشیں چارسدہ ہسپتال پہنچا دی گئیں ۔زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ،تحقیقات شروع کر دی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چارسدہ روڈ پر جمعہ کے روز ہونے والے بم دھماکے میں انیس افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہو گئے ۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چھ خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے ۔دھماکے کی زد میں سول سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کی بس آئی جو ملازمین کو پشاور سے چارسدہ لے جا رہی تھی گل بیلہ کے مقام پر بم کا نشانہ بن گئی جس سے بس کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال چارسدہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیاگیا ۔گیارہ افراد کی لاشیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال جبکہ آٹھ لاشیں چارسدہ ہسپتال لائی گئیں ۔جاں بحق ہونے والوں میں چھ خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے ۔دھماکے میں چالیس سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں ۔کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔دھماکے کے فوراً بعد لوگوں نے جائے وقوعہ کا رخ کیا ۔ پولیس حکام بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاروائیاں شروع کر دی گئیں ۔علاقے کا محاصرہ کیاگیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیاگیا ۔بعض عینی شاہدین کے مطابق امدادی ٹیموں کے وقت پر نہ پہنچنے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا زخمیوں اور لاشوں کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پرائیویٹ گاڑیوں میں ڈال کر ہسپتال پہنچایا۔ ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ دھماکہ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیاگیا ہے ۔

تبصرے