پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جاری احتجاج کے حوالے سے بدھ کو قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی کی


اسلام آباد(ثناء نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جاری احتجاج کے حوالے سے بدھ کو قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی کی سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا گھیراؤ کیا۔ الوداع الوداع کرپٹ ٹولہ الوداع، آئین کے غداروں، عدل کے غداروں کو ایک دھکا اور دو۔ جمہور کو جینے دو، قانون کو جینے دو، سیاست کو جینے دو اور دیگر نعرے لگاتے ہوئے ہلڑ بازی کی۔ ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر وزیر خزانہ کی جانب پھینک دی ۔ مشرف کا جو یار ہے غدار ہے ،غدار ہے۔ جعلی بجٹ نا منظور ، جھوٹ بولنا بند کرو کے نعرے لگائے۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ایوان میں نہ آ سکے۔ بدھ کی شام قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی صدارت میں ہوا۔ ایوان میں فنانس بل بجٹ کے بارے میں سینٹ سفارشات پر بحث کرائی گئی۔ سفارشات پر بحث سمیٹنے کے لیے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ایوان میں آئے تو انہیں دیکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان لابی سے احتجاجی جلوس کی صورت میں نعرے لگائے ہوئے ایوان میں آ گئے۔ حکومت کے خلاف نعرہ بازی، سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا گھیراؤ کیا۔ وزیر مملکت دفاعی پیداوار سر دار بہادر سہڑ جو اس موقع پر سینٹ سفارشات پر بحث میں حصہ لے رہے تھے پر ہوٹنگ کی۔ پیپلز پارٹی کی چھٹی، گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو، الوداع الوداع گیلانی الوداع ، گو گیلانی گو کے نعرے لگائے۔ سپیکر نے وزیر خزانہ کو سینٹ کی سفارشات پر بحث سمیٹنے کے لیے فلور دیا تو انہوں نے تقریر شروع کی تھی کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان ان کی جانب بڑھے۔ ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر وزیر خزانہ کی جانب اچھال دیں۔ ڈاکو ڈاکو جھوٹ بولنا بند کرو کے نعرے لگائے۔ اس دوران حکومتی ارکان نے وزیر خزانہ کو حفاظتی حصار میں لے لیا اور سینہ تان کر اپوزیشن کی جانب کھڑے ہو گئے ۔ اپوزیشن ارکان نے وزیر خزانہ کا گھیراؤ کیا۔ شور شرابے ، ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی آواز دب کر رہ گئی تھی ان کی تقریر نہ سنی جا سکی ایوان حکومت مخالف نعروں سے گونجتا رہا۔ شدید احتجاج کرتے ہوئے ن لیگ کے ارکان نے گزشتہ روز ایوان میں فائلوں اور بجٹ کی کتابوں سے ڈیسک بھی پیٹے۔ اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ایوان میں نہ آ سکے ۔سپیکر نے کاروائی جمعرات کے دن گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔

تبصرے