نائب وزارت عظمیٰ کا عہدہ نمائشی ہو گا۔ چوہدری پرویز الٰہی نام کے نائب وزیر اعظم ہونگے


اسلام آباد(ثناء نیوز )
 نائب وزارت عظمیٰ کا عہدہ نمائشی ہو گا۔ چوہدری پرویز الٰہی نام کے نائب وزیر اعظم ہونگے۔ اس عہدے کے حوالے سے انہیں کوئی خصوصی اختیارات حاصل نہیں ہونگے۔نائب وزیراعظم کے استحقاق اور مراعات کے بارے میں بھی سرکاری قواعد و ضوابط میں کسی قسم کی وضاحت نہیں کی گئی۔ وزیراعظم کے غیر ملکی دورے کے موقع پر وزارت عظمی کی ذمہ داریوں کے حوالے سے نائب وزیر اعظم کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔ وزیر اعظم جہاں بھی ہونگے۔آئین و قانون کے تحت اختیارات ان کے پاس ہی رہیں گے۔ اختیارات کا ارتکاز وزیر اعظم ہی ہونگے۔ سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کے نائب صرف نام کے ہوں گے۔وزیراعظم کا کوئی بھی اختیار انہیں حاصل نہیں ہو گا۔ اس بارے میں نائب وزرات عظمیٰ کے نوٹی فکیشن میں بھی وضاحت کر دی گئی تھی کہ نائب وزیر اعظم کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے اختیارات حاصل نہیں ہونگے۔ریاستی معاملات چلانے کے حوالے سے وزیرا عظم ہی ٹیم لیڈر ہونگے۔چوہدری پرویز الٰہی کی بحیثیت نائب وزیراعظم سبکدوشی کے بعد یہ عہدہ ختم بھی کیا جا سکتا ہے کیونکہ نوٹی فکیشن میں بھی اس عہدے کو تا حکم ثانی برقرار رکھنے کے بارے میں کہا گیا ہے یعنی دوسرے حکم کے تحت نوٹی فکیشن کو واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔

تبصرے