میچ فکسنگ میں دو سال قید اور پانچ سال کیلئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی سزا پانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ انہیں انصاف نہیں ملا۔
لاہور (ثناء نیوز) میچ فکسنگ میں دو سال قید اور پانچ سال کیلئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی سزا پانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ انہیں انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اس کے کیس کا ٹرائل کریں اور اصل حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا میچ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کبھی کسی کو نو بال کرنے کیلئے نہیں کہا اور نہ ہی خود ایسی کوئی بات کی جس سے ان کی اپنی یا پاکستان کی عزت پر حرف آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سلمان بٹ نے کہاکہ ان کے کمرے سے جو 25سو پاؤنڈ برآمد ہوئے تھے وہ انہیں ایک آئس کریم پارلر کا افتتاح کرنے کی مد میں پیشگی اور الاؤنسزکی مد میں ملے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مظہر مجید نے انہیں تین چار میسج کئے اور میچ فکسنگ کیلئے اکسایا جس کا میں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ جو کچھ بھی ہوا مظہر مجید اور محمد عامر کے درمیان ہوا اور انہوں نے اس پر عمل بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ آئی سی سی اور کورٹ نے جو سزا انہیں دی وہ ٹیلیفونک فرانزک رپورٹ آنے سے پہلے سنائی گئی، اس رپورٹ میں جو 10ماہ بعد آئی میں کہیں ثابت نہیں ہوتا کہ میں نے کسی کو میسج کیا یا میچ فکسنگ کیلئے کوئی بات کی۔ انہوں نے کہاکہ اس فرانزک رپورٹ میں نو ہزار میسج ہیں جن میں میرا ایک بھی میسج شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے جو میچ کے دوران فیلڈ تبدیل کی وہ محمد عامر کے کہنے پر کی کیونکہ اس کی گیندوں پر ہٹیں لگ رہی تھیں اور اس نے مجھے باؤنسر کروانے کیلئے فیلڈ میں تبدیلی کیلئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر نے تو میرے کہنے پر بال چھوٹے نہیں کروائے وہ میری اور کوئی بات کیسے مانے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کررکھی ہے جس کی ہیئرنگ کیلئے سوئٹزرلینڈ جاؤں گا۔ اس سوال پر کہ وہ بین الاقوامی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ کیوں دائر نہیں کرتے ابھی تک ٹرائل مکمل نہیں ہوئے اور اپیل بھی باقی ہے اس کے علاوہ بین الاقوامی عدالت میں کیس پر بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں جنہیں برداشت کرنا میرے بس کی بات نہیں ہے۔اس موقع پر انہوں نے فرانزک رپورٹ پر مبنی ڈاکومنٹ میڈیا کو بھی دکھایا اور کہا کہ یہ سارا یوٹیوب پر بھی موجود ہے جسے ہر کوئی سٹڈی کرسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے جو وقت جیل میں گذارا اور میرے جو کرکٹ کے دو سال ضائع ہوچکے ہیں انہیں کون واپس لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ باقی تین سالوں کیلئے میں بھرپور فائٹ کروں گا۔ سلمان بٹ نے کہا کہ میں صرف اتناہی کہہ سکتا ہوں کہ مظہر مجید نے مجھے تین چار میسج کئے اور شائد ایک آدھ بار ملا بھی ہو لیکن میں نے اس کی کسی بات کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی اس کا کہیں کوئی ریکارڈ ہے۔
تبصرے