کراچی (ثناء نیوز ) نو منتخب وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مشاورت سے مسائل کا حل ڈھونڈیں گے، موجودہ حکومت اپوزیشن کی مشاورت سے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہتی ہے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے پیغام کو لیکر آگے بڑھنا ہوگا ۔ آئین اور قانون کے مطابق حکومت چلانا چاہتے ہیں کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ چاہتے ہیں نہ کسی بھی ادارے کی عزت کم کرنا چاہتے ہیں ۔ سوئس حکام کو خط لکھنے سمیت تمام کام آئین و قانون کے مطابق کریں گے اور ایک اچھا نشان چھوڑ کر جائیں گے ملک میں قومی مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیں گے۔ کراچی کے حالات خراب کر نے والوں کے خلاف سخت کاروائی ہو گی جمہوری حکومت غیر جانبدار اور شفاف انتخابات یقینی بنائے گی ۔ نیٹو سپلائی کے حوالے سے پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عملدر آمد ہو گا امریکہ سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اتوار کو مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نو منتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔نو منتخب وزیراعظم نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے، مزار پر موجود گارڈز نے نومنتخب وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔نومنتخب وزیراعظم کے ہمراہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، وفاقی وزرا منظور وٹو، بابر غوری، قمر زمان کائرہ ، مشیر داخلہ رحمان ملک بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ آج میں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ہے اور میں وزیر اعظم بننے کے بعد یہ سمجھتا ہوں کہ یہی وہ مقام ہے جہاں سے مجھے اپنا کام شروع کرنا ہے جب میں کتاب پر اپنے تاثرات لکھ رہا تھا تو اس وقت قائد کے دیئے ہوئے تین زریں اصول اتحاد، ایمان اور یقین محکم میری آنکھوں کے سامنے آ رہے تھے۔ اب پاکستانی قوم کو اپنی تین اصولوں پر قائم رہ کر اپنے ملک میں جمہوریت کو آگے لے کر چلنا ہے انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کا یہ فرض ہے کہ ہم اس ملک میں ایک قومی مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیں کیونکہ یہ وژن میری عظیم قائد بے نظیر بھٹو شہید نے دیا تھا اور اسی وژن کو لے کر ہمارے قائد آصف علی زر داری آگے بڑھ رہے ہیں آج بھی ہمارا پیغام محبت جہاں تک پہنچے اور ہم کسی قسم کی تفریق نہیں چاہتے آج ملک کو در پیش تمام مسائل کو حل کر نے کے لیے ہمیں مل کر اور باہمی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور اس کے لیے حکومت ہمیشہ تیار ہے میں اپنے اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے بھاری اکثریت کے ساتھ مجھے وزیر اعظم بنایا میں ملک کے تمام لوگوں کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے آج اس میں اس مقام پر ہوں اللہ تعالی کی مجھ پر خصوصی رحمت ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مل کر تمام در پیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں اور پاکستانی عوام کے لیے جہاں تک ممکن ہو سکے آسانیاں پیدا کی جائیں اور ایک اچھا نشان چھوڑ کر جائیں ۔ اس سوال پر کہ کیا آپ سوئس حکام کو خط لکھیں گے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم یہ کام آئین و قانون کے مطابق کریں گے ہم کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے یہ کسی طور ملک کے مفاد میں نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آئینی و قانونی راستے اپنائیں اور کسی بھی ادارے کی عزت و منزلت کو کم نہ کریں۔ راجہ پرویز اشرف نے اعتراف کیا کہ ملک میں توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورت حال ناقص ہے کراچی کے حالات ہم سب کے سامنے ہیں کراچی پاکستان کی شہ رگ اور بزنس حب ہے یہاں کے حالات کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات خراب کر نے میں جو بھی عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی ہو گی۔ ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ انارکی کسی کے حق میں نہیں ہے یہ ملک کو تباہی کی طرف لے جاتی ہے۔ ملک کو اگر کوئی چیز بچاتی ہے تو وہ جمہوریت ہے تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ اور جمہوریت ہے میری حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ملک میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کریں گے تا کہ اس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے تمام سیاسی جماعتوں کے حق میں ہے کہ وہ انارکی کی بجائے صاف شفاف انتخابات کے انعقاد پر توجہ دیں نیٹو سپلائی کی بحالی کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم نے اس کے فیصلوں کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا ہم امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں مگر تعلقات عزت و وقار اور برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیئیں۔
Newspaper in Pakistan,since 1997.(Need Reporters from all the cities of Pakistan) ehtasabiamal@gmail.com (For website SponsorShip Contact us ھفت روذھ احتسابي عمل لاھور
تبصرے