مسلم لیگ(ن) نے منگل کو حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں قومی اسمبلی میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا گھیراؤ کر لی
اسلام آباد(ثناء نیوز ) پاکستان مسلم لیگ(ن) نے منگل کو حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں قومی اسمبلی میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا گھیراؤ کر لیا۔ گو گیلانی گو، جعلی بجٹ، فراڈ بجٹ، ڈاکو بجٹ نا منظور۔ گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو۔ غریب کو جینے دو اور دیگر نعرے اور دیگر نعرے لگائے۔ اپوزیشن کے ممکنہ شدید رد عمل کے پیش نظر حکومتی ارکان نے وزیر اعظم کو حفاظتی حصار قائم کر دیا تھا پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان نے ایوان کی کاروائی کے ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔ وزیر امور سمندر پا پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستار بجٹ پر تقریر نہ کر سکے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت کے شور شرابے کی وجہ سے وزیر ٹیکسٹائل مخدوم شہاب الدین اور چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کی بجٹ تقاریر بھی ہنگامے کی نظر ہو گئیں۔ حکومتی تقاریر نہ سنی جا سکیں۔ حکومتی ارکان کی تقاریر پر اپوزیشن کا احتجاج غالب آ گیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان نے حکومت سے نجات کے لیے ایوان میں اجتماعی دعا بھی کی۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں شروع ہوا۔ وزیر سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی بجٹ پر تقریر شروع ہی کی تھی کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق کی قیادت میں احتجاجی جلوس کی صورت میں ایوان میں داخل ہوئے۔ گیلانی تیرے ضابطے ہم نہیں مانتے۔ گو گیلانی گو۔ مک گیا تیرا شو گیلانی، گو گیلانی گو گیلانی۔ کے نعرے لگاتے ہوئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی نشست کی جانب بڑھے۔ اپوزیشن کے شدید رد عمل کے پیش نظر حکومتی ارکان نے وزیر اعظم کے گرد حفاظتی حصار قائم کر دیا۔ ایوان کی کاروائی معطل ہو کر رہ گئی تھی جبکہ اپوزیشن نے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا۔ وزیر اعظم کی موجودگی میں ایوان گو گیلانی گو کے نعروں سے گونجتا ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان نے گلی گلی میں مچ گیا شور بجلی چور بجلی چور۔ جھوٹ بولنا بند کرو۔ غریب کو جینے دو، کرپٹ حکومت نا منظور۔ قوم بھوکی مار دی ہائے پیپلز پارٹی۔ ڈاکو راج نا منظور، زر داری تیرے ضابطے ہم نہیں مانتے۔ گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو۔ میرے مولا دے دے آزادی۔ مائیں بھی مانگیں آزادی۔مزدور، کسان، طلباء بھی مانگیں آزادی، جعلی فراڈ، ڈاکو بجٹ نا منظور، اب ان کو اٹھا لے اے مولا۔ ملک کا لیڈر بن گیا چور ، بجلی چور بجلی چور کے نعرے لگائے ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی حکومتی ارکان کے ساتھ گروپ کی صورت میں ایوان میں آئے اور اسی انداز میں ایوان سے باہر گئے۔ مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم کے جانے کے بعد اجلاس کی کاروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔
تبصرے