مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں


مری (ثناء نیوز ) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں، حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری توانائی بحران اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے انڈسٹری ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے مشرف دور سے زیادہ ملک کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔ حکومت نہ صرف ہر شعبے میں ناکام رہی ہے بلکہ اس نے ملکی خود مختاری کو بھی تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہر شعبے میں تباہی کی ذمہ دار ہے۔ امریکی ڈرون ہماری سرزمین سے ہی اڑ کر ہمیں ہی نشانہ بنا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت میں شامل لوگ بے حس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ چاہتی ہے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ وطن میں واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کو کٹہرے میں لانے پر چیف جسٹس کی تعریف کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسورس سینٹر مری میں متاثرین پارکنگ پلازہ جھیکا گلی میں معاوضہ کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پورا ملک دہشتگردی ، خوفناک لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی میں جل رہا ہے مگر حکمران سکھ چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ ملک سے فرار ہونے کے لئے تیار بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ قابل تعریف ہے کہ جس کے چیف جسٹس نے اپنے بیٹے کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہر شعبے سے بلا امتیاز کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائے۔محمد نواز شریف نے کہا کہ اداروں کی بربادی اور ملک کی تباہی پروہ خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے اور حکومت کے کالے کرتوتوں کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے موٹروے کا منصوبہ چودہ سال پہلے بنایا تھا اس کا معیار اسی طرح قائم ہے اب حکمران موٹروے کی مرمت کے لئے اربوں روپے کا قرضہ لے کر اپنا بجٹ خسارہ پورا کرنے کے چکر میں ہیں۔جبکہ مری ایکسپریس وے کے لئے بجٹ بھی ہمارے دور حکومت میں منظور ہوا تھا لیکن یہ پراجیکٹ مشرف دور کے حکمرانوں کی ناقص منصوبہ بندی کی بھینٹ چڑھ گیا اور پوری مری ایکسپریس وے ناقص اور غیر معیاری تعمیر کی وجہ سے جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اعزاز حاصل ہے کہ بطور وزیر اعلی پنجاب مری کے حسن کو دو بالا کرنے کے لئے نہایت اعلی منصوبے مکمل کئے۔ انہوں نے اسلام آباد سے مری آنے والی پرانی روڈ 1986 میں تعمیر کروائی جس کو اس وقت بہت سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین جھیکا گلی مری کو وعدے کے مطابق سات کروڑ روپے کی بجائے بارہ کروڑ روپے معاوضہ کی ادائیگی کی گئی ہے ، کوشش ہو گی کہ متاثرین کو متبادل جگہ اگلے چند روز میں مل جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اعلی ترین عہدے پر فائز رہنے کے باوجود انہوں نے اپنے لئے کبھی کوئی پلاٹ نہیں لیا جبکہ دوسری جانب نو وارد سیاستدان اپنی امانتداری کے سرٹیفیکیٹ بھی پیش کرتے ہیں اور غلط بیان حلفی پر دو دو پلاٹ بھی حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دو مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے مگر کوئی ڈیوٹی فری گاڑی امپورٹ نہیں کی اور ملکی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچایا۔

تبصرے