چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اراکین پارلیمان کی دہری شہریت کے خلاف دائر مقدمہ کی سماعت کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی زاہد اقبال کی رکنیت معطل کر دی ہے


اسلام آباد(ثناء نیوز ) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اراکین پارلیمان کی دہری شہریت کے خلاف دائر مقدمہ کی سماعت کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی زاہد اقبال کی رکنیت معطل کر دی ہے۔عدالت عظمیٰ کا بینچ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل تھا جس نے پیر کو درخواست گزار محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر مقدمہ کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران ریمارکس کی رکنیت معطل کیے جانے سے متعلق عدالتی حکم سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو بھجوایا جائے تاکہ حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مشیر داخلہ رحمن ملک رکنیت معطل ہونے کے باوجود وزارت داخلہ کے معاملات چلا رہے ہیں۔دوران سماعت ممبر قومی اسمبلی جمیل ملک عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ ہالینڈ کے شہری نہیں ہیں تاہم ان کے پاس ہالینڈ کی قومیت (نیشنلٹی) نہیں ہے جس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کوئی نیشنلٹی کے بغیر کسی ملک کا شہری کیسے ہو سکتا ہے۔ بعدازاں عدالت نے ایم این اے فرحت خان اور ممبران صوبائی اسمبلی نادیہ گبول، اشرف چوہان، وسیم قادر اور ندیم قادر کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی عدالت نے اپنے حکم میں مشیر داخلہ رحمن ملک کو ہدایت کی ہے کہ وہ برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کریں

تبصرے