سپریم کورٹ نے ملک ریاض کو گذشتہ روز کی پریس کانفرنس پر توہین عدالت کا شو کاز نوٹس جاری کر تے ہوئے آج(جمعرات) ملک ریاض کو طلب کر لیا


اسلام آباد (ثناء نیوز )سپریم کورٹ نے ملک ریاض کو گذشتہ روز کی پریس کانفرنس پر توہین عدالت کا شو کاز نوٹس جاری کر تے ہوئے آج(جمعرات) ملک ریاض کو طلب کر لیا ۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے ملک ریاض کی پریس کانفرنس کاازخودنوٹس لے لیا اور سماعت کیلیے3رکنی بنچ بنایا۔ بینچ کے سربراہی جسٹس شاکراللہ جان نے کی جس کے دیگر اراکین میں جسٹس طارق پرویزاورجسٹس امیرہانی مسلم شامل ہیں۔کیس کی سماعت پر جسٹس شاکر اللہ نے ریمارکس دیئے کہ از خود نوٹس رجسٹرار کی درخواست پر لیا گیا۔ عدالتی کارروائی شروع ہو نے پر ملک ریاض کی پریس کانفرنس پڑھ کر سنائی گئی جس پر جسٹس شاکر اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ملک ریاض نے عدلیہ کوتضحیک کانشانہ بنایا اور اسکینڈلائزکیا، عدلیہ کے پورے ادارے کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی۔عدالت نے بعد ازاں توہین عدالت کے خلاف قانون کی کتاب منگوالی اور توہین عدالت کیس میں ملک ریاض کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔عدالت کا کہنا ہے کہ ملک ریاض کی پریس کانفرنس بادی النظرمیں توہین عدالت ہے۔سپریم کورٹ نے ملک ریاض کو آج عدالت طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس نے بدھ کی صبح سپریم کورٹ کے 11 ججوں پر مشتمل غیر رسمی اجلاس طلب کیا جس میں ملک ریاض کی پریس کانفرنس کی وڈیو طلب کی تھی۔ دریں اثناء عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے بار کے سابق صدر اشرف گجر کی جانب سے ملک ریاض کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست بھی سماعت کے لیے منظور کر لی عدالت نے قرار دیا ہے کہ اس درخواست کی سماعت بھی از خود نوٹس کیس کی سماعت کے ساتھ ہی ہو گی۔

تبصرے