ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہپاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی صلاحیت موجود ہے


لاہور(ثناء نیوز ) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہپاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی صلاحیت موجود ہے اگر حمزہ میزائل لگا دیئے جائیں تو کوئی ڈرون نہیں آئے گا ،قبائلی علاقوں میں بے گناہ اور معصوم بچے مررہے ہیں لیکن حکمران ایک ارب ڈالرکی امداد کے لئے خاموش ہیں۔ وکلا نے ہمیشہ انقلاب کا آغاز کیا لیکن جج کو جوتا مارنے جیسے واقعات سے دکھ ہوتا ہے ۔ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان لاہور ڈسٹرکٹ بار میں وکلا سے خطاب کررہے تھے ،اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے وکلا نے ہمیشہ انقلاب کا آغاز کیا لیکن جج کو جوتا مارنے جیسے واقعات سے دکھ ہوتا ہے انھوں نے مزید کہا کہ کبھی کسی سائنسدان نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر کسی وزیر کو جوتا نہیں مارا۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب شریف اور اچھے انسان ہیں لیکن جہاں سوچ سے اختلاف ہوتا ہے تو میں ان کے حوالے سے بھی بات کرتا ہوں ایٹمی سائنسدان نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے جب ہاکستان بنا تو کوئی سندھی بلوچی پنجابی یا پٹھان نہیں تھا اب پاکستان کو بچانا ہے اس لئے متحد ہونا پڑے گا ۔ملک کے مسائل ٹیکنوکریٹ حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی ذخائر سے مالامال ہے تاہم حکمرانوں کی نیت ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے روکنے کی ٹیکنالوجی ہمارے پاس موجود ہے، حمزہ میزائل سے ڈرون طیاروں کوگرایاجاسکتاہے۔ڈاکٹر قدیر خان نے کہا کہ اگرہم ایٹم بم بناسکتے ہیں توتوانائی بحران کافوری خاتمہ بھی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو سزاسناتے ہوئے نااہل بھی قراردیاجاناچاہئے تھا، سیاستدان آپس میں ملے ہوئے ہیں ،حکومت کیخلاف کوئی لانگ مارچ نہیں ہوگا۔

تبصرے