وفاقی کابینہ نے فوری طور پر ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر پابندی عائد کر دی۔ توانائی کے بحران کے مستقل حل کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے
اسلام آباد(ثناء نیوز ) وفاقی کابینہ نے فوری طور پر ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر پابندی عائد کر دی۔ توانائی کے بحران کے مستقل حل کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی خود روزانہ کی بنیاد پر عوام کو بجلی کی فراہمی کی صورت حال کی نگرانی کریں گے۔ کابینہ نے دفاعی شعبے میں تعاون کے لیے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور سعودی عرب کی نائف عرب یونیورسٹی فار سیکورٹی سائنسز کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کر نے ، متحدہ عرب امارات کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے صوبوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی توانائی کا نفرنس کے فیصلوں پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔ توانائی کی طلب و رسد میں فرق دور کر نے کے لیے کابینہ کی توانائی کمیٹی سے ایک ہفتہ میں رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی صدارت میں بدھ کو کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ توانائی کی بحران اور اس کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا گیا ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے بجلی کی دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا کابینہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ملک میں 16 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کر نے کی گنجائش و استعداد ہے تاہم پانی سے بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے 11 ہزار 6 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ ساڑھے تین ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نے فوری طور پر ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر پابندی کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیر اعظم نے توانائی کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منعقد کر نے کی ہدایت کی ہے ۔ کمیٹی کا اجلاس ان کی صدارت میں ہی ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کر نا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کو دور کر نے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ بجلی کی کمی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر عوام کو بجلی کی فراہمی کی صورتحال کی نگرانی کریں گے۔ حکومت کو صارفین کی مشکلات کا اندازہ ہے عوامی مشکلات میں کمی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ کابینہ نے تنزانیہ کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون متحدہ عرب امارات کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف اکنامک ڈیویلپمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی ہے۔ کابینہ کو وزارت تجارت کی جانب سے کابینہ کے فیصلوں پر عملدر آمد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ہے کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ وزارت تجارت کے حوالے سے 60 فیصلے کیے گئے تھے جن میں 43 پر عملدر آمد کو یقینی بنا دیا گیا ہے ۔ کابینہ نے پاکستان اور سیچلیز کے درمیان مجرموں کے تبادلے کے سمجھوتے پر بات چیت شروع کر نے کی بھی اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے سمجھوتے کی توثیق کی گئی ہے۔
تبصرے