دفاع پاکستان کونسل نے نیٹوسپلائی بحالی کے خلاف 8جولائی کولاہور سے اسلام آبادتک لانگ مارچ کا اعلان کردیا‘
راولپنڈی(ثناء نیوز )دفاع پاکستان کونسل نے نیٹوسپلائی بحالی کے خلاف 8جولائی کولاہور سے اسلام آبادتک لانگ مارچ کا اعلان کردیا‘6جولائی کو ملک گیر یوم احتجاج جبکہ 7جولائی کو لاہور میں حکومتی فیصلے کے خلاف قومی سطح کی آل پارٹیز کانفرنس ہو گی۔جمعہ المبارک کو ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائیگا‘ نیٹوسپلائی بحالی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر تحریک چلانے کیلئے نواز شریف‘مولانا فضل الرحمان‘عمران خان و دیگرشخصیات اور جماعتوں سے رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔نیٹو سپلائی بحالی کیخلاف تحریک میں مذہبی و سیاسی جماعتوں‘سول سوسائٹی‘وکلاء ‘ طلبائ‘تاجر تنظیموںاور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سبھی جماعتوں کو شامل کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کو نسل کے چیئر مین مولانا سمیع الحق‘پروفیسر حافظ محمد سعید‘ جنرل( ر) حمید گل‘شیخ رشید احمد‘لیاقت بلوچ‘مولانا محمد طیب طاہری‘غلام مصطفی جدون‘مولانا فضل الرحمان خلیل، حافظ عبدالرحمان مکی ‘ علامہ ابتسام الہی ظہیر‘حافظ عبدالغفار روپڑی ودیگر نے گذشتہ روز کونسل کے ہنگامی اجلاس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمولانا امیر حمزہ‘قاری محمد یعقوب شیخ ‘محمد یحییٰ مجاہد‘عبداللہ گل‘حافظ خالد ولید‘حاجی گلزار اعوان‘زاہد بختاوری ودیگر بھی موجود تھے۔دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہا کہ نیٹو سپلائی لائن جس انداز میں بحال ہوئی ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد پاس کرنے کے بعد دعویٰ کیا گیا تھا کہ پارلیمانی قرارداد نے نیٹو سپلائی بحالی کا مستقل راستہ روک دیا ہے۔ اور اب ڈرون حملے بھی نہیں ہوں گے لیکن اس انداز میں معاہدہ کیا گیا ہے کہ اس کی تفصیلات قوم کے سامنے نہیں لائی ۔ قوم کے وقار اور حمیت کو دائو پر لگا دیا گیا ہے۔ حکومتی ذمہ داران انتہائی ڈھٹائی سے ملک و قوم کو غیروں کے قدموں میں ڈال کر قومی وقار کا نام دیا جارہا ہے۔ جمہوریت کی دعویدار حکومت نے ایسی حرکتیں شروع کر رکھی ہیں جس نے پرویز مشرف کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ نیٹو سپلائی بحال کر کے پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے پارلیمنٹ کی قراردادوں سے انحراف کر کے ملک و قوم سے غداری کی ہے۔ حکمران فی الفور استعفیٰ دیں۔ ہم قریہ قریہ شہر شہر جائیں گے اور نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے خلاف زور دار تحریک چلائی جائے گی۔ دفاع پاکستان کونسل مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمن خلیل، عمران خان اور ملک بھر کی دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی رابطے کر کے انہیں سات جولائی کو لاہور میں قومی سطح کی ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میںشرکت کی دعوت دے گی۔ ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس جدوجہد میںہمارا ساتھ دیںیہ کسی ایک جماعت کا نہیں پوری قوم کے عزت اور وقار کا مشترکہ مسئلہ ہے۔اس سلسلہ میں ایک رابطہ کمیٹی بھی بناد ی گئی ہے جو ان تمام مذہبی و سیاسی شخصیات سے رابطے کر کے انہیں اے پی سی اور آٹھ جولائی کو ناصر باغ لاہور سے شروع ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے گی۔ہم نیٹو سپلائی مخالف جدوجہد میں شریک ہونے والوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے۔آل پارٹیز کانفرنس میں مذہبی و سیاسی رہنمائوں کی شرکت سے واضح ہو جائے گا کہ کون کس کے ساتھ کھڑا ہے۔اور حقا ئق قوم کے سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نیٹو سپلائی بحالی کا فیصلہ ملکی سلامتی وخودمختاری کیلئے سخت نقصان دہ ہے۔ کل کو وہ کہیں گے کہ ہمارے کنٹینرز محفوظ نہیں ہیں اس لئے ہم اپنی افواج کو پاکستان بھیجنا چاہتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کے اس فیصلہ سے انتہا پسندی کے راستے کھلیں گے۔ ہماری جدوجہد مکمل طور پر پر امن ہو گی۔ ملک کے کونے کونے میں جاکر قوم کو متحد و بیدار کریں گے۔نیٹو سپلائی روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ حکمرانوںنے نیٹو سپلائی بحال کر کے ملک کو غیر اعلانیہ طور پر امریکیوں کے حوالے کر دیا ہے۔ اس سے نہ ختم ہونے والا طوفان کھڑا ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ آئے دن ڈرون حملے کر رہا ہمارے بے گناہ لو گ اس دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔افغانستان سے بھی پاکستانی افواج پر حملے کئے جارہے ہیں۔ اس صورتحال میں امریکہ کو خوش کرنے کیلئے نیٹو سپلائی کھولنا انتہائی افسوسناک ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کی طرف سے امریکہ کو خوش کیا جانے والا فیصلہ غیور پاکستانی قوم کسی صورت قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔عسکری قیادت پاکستان کی سرحدات کی محافظ ہے نیٹو سپلائی کا فیصلہ فی الفور واپس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں مسلمانوں کے قاتل امریکہ اور نیٹو فورسز کیلئے گندم کا ایک دانہ بھجوانا بھی حرام ہے۔ یہ انسانی ہمدردی نہیں انسانی قتل ہے۔ نیٹو فورسز کی طرف سے اسلحہ نہ لیجانے کی باتیں بھی بہت بڑا دھوکہ ہیں۔
تبصرے