لاہور (ثناء نیوز) وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کسی ایک چیز کیلئے سب کچھ داؤ پر نہیں لگادینا چاہیئے، اس سے جمہوریت اور اداروں کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ ماسوائے حکومت پر قبضہ کرنے کے فوج کا کردار بہت مثبت اور تعمیری رہا ہے۔ (ن) لیگ کی جمہوریت کیلئے بہت خدمات ہیں چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اتفاق رائے سے کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو ایک ہفتہ اور مراعات دیں گے۔ پارٹی الیکشن کی تیاری کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں سے ملاقات اور پیپلز پارٹی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے پارٹی کارکنوں اور ارکان صوبائی اسمبلی سے کہا کہ عام انتخابات میں آٹھ نو ماہ باقی رہ گئے ہیں وہ الیکشن کی تیاری کریں۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے نئے وزیراعظم سے بھی نوکریوں اور اسلحہ لائسنس دینے کا مطالبہ کیاتو راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر ہوم ورک مکمل کر کے ارکان صوبائی اسمبلی کے لئے مراعات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہے سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کو آپس کی محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیئے۔ سیاست کیلئے اپنے مستقبل کو ہرگز قربان نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ وہ جلد پارٹی کارکنوں سے رابطے تیز کریں گے۔ سوئس حکام کو صدر زرداری کے خلاف مقدمات کھولنے سے متعلق خط لکھنے سے بارے سوال پر انہوں نے کہاکہ 12جولائی کا انتظار کریں۔ اپنا موقف 12یا13 جولائی کو دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام ملکی ادارے اپنی حدود کے اندر رہتے ہوئے کام کریں تو جمہوریت مضبوط ہوگی اور کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ سیاسی قوتوں کو ایک کردار ادا کرنا چاہیئے۔وزیراعظم نے کہا کہ صرف ایک طرف دھیان نہیں دینا چاہیئے۔ صرف ایک چیز کیلئے سب کچھ داؤ پر نہیں لگادینا چاہیئے۔ اس سے جمہوریت اور اداروں کو نقصان پہنچے گا۔ فوج سے متعلق انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا دہشت گردی اور قدرتی آفات کے خلاف کردار بہت اہم اور مثبت رہا ہے ماسوائے جب وہ حکومت پر قبضہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں تمام مسائل کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنا چاہیئے۔مسلم لیگ (ن) کی جمہوریت کیلئے بہت خدمات ہیں ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر ایسا شخص ہونا چاہیئے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے یہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کروانے کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ میری شدید خواہش ہے کہ اپوزیشن آئے اور ان مسائل پر ہم سے بات کرے۔ بجلی کے بحران سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ رینٹل پاور پراجیکٹ ان کی ایجاد نہیں بلکہ انہیں ورثہ میں ملے تھے۔ وزیراعظم نے لاہور میں دو روزہ مصروفیات کے دوران پیپلز پارٹی لائیرز ونگ اور پارٹی کے دیگر شعبوں کے نمائندگان اور وفود سے ملاقاتیں کیں اور داتا دربار و علامہ اقبال کے مزار پر حاضری بھی دی۔
Newspaper in Pakistan,since 1997.(Need Reporters from all the cities of Pakistan) ehtasabiamal@gmail.com (For website SponsorShip Contact us ھفت روذھ احتسابي عمل لاھور
تبصرے