نظرانداز کرکے مرکزی مواد پر جائیں

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شام میں امن مشن کو مختصر کر کے دوبارہ سیاسی مصالحت کے عمل پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے


نیو یارک(ثناء نیوز )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شام میں امن مشن کو مختصر کر کے دوبارہ سیاسی مصالحت کے عمل پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو پیش کی گئی ایک رپورٹ میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ امن مشن کو شامی فوج کی نگرانی کی بجائے سیاسی گروہوں سے بات چیت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔واضح رہے کہ اپریل کے مہینے میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود شام میں پر تشدد واقعات رونما ہوتے رہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے شام میں تین سو مبصرین پر مشتمل جو امن مشن تعینات کیا گیا تھا اس کی مدت دو ہفتے میں ختم ہوجائے گی۔ سکیورٹی کونسل مشن کی مدت میں توسیع پر فیصلہ بدھ کو کرے گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں تعینات تمام امن مبصرین کو واپس نہ بلایا جائے تاہم ان کی تعداد کو کم کیا جائے۔رپورٹ میں دی گئی تجاویز میں سے ایک کے مطابق امن مبصرین کو سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھلے عام سڑکوں پر سفر نہیں کرنا چاہیے بلکہ دمشق میں مقیم رہنا چاہیے۔واضح رہے کہ شام میں گزشتہ برس شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں تشدد کے سبب اب تک تقریبا سولہ ہزار افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ 

تبصرے