امریکہ نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے پر پاکستان سے معذرت کر لی ہے


واشنگٹن(ثناء نیوز ) امریکہ نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے پر پاکستان سے معذرت کر لی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ غلطی تھی اس حملے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں افسوس ہے۔ امریکہ سلالہ حملے پر پاکستان سے معذرت کرتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے بیان میں’’ سوری‘‘(Sorry) کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر نے فون پر انہیں بتایا ہے کہ پاکستان کے راستے سے افغانستان میں نیٹو اور امریکی افواج کے لیے زمینی سپلائی بحال کی جا رہی ہے انہوں نے بتایا کہ حنا ربانی کھر نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان نیٹو سپلائی کے بدلے راہداری کے اخراجات بھی نہیں مانگے گا۔ واضح رہے کہ 26 نومبر 2011 کو پاک افغان سرحد پر واقع پاک فوج کی سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو افواج کے حملے میں24 جوان شہید ہو گئے تھے۔ جس کے بعد پاکستان نے نیٹو سپلائی کو بند کر دیا تھا اور امریکہ سے شمسی ایئر بیس بھی خالی کرا لیا تھا۔
امریکہ نے سلالہ حملے پر پاکستان سے معذرت کر لی

تبصرے