شام کے دارالحکومت دمشق میں کابینہ کے وزراء کے ایک اہم اجلاس میں ہونے والے خود کش دھماکے میں وزیر دفاع داود راجحہ اور نائب وزیر دفاع آصف شوکت صھر جو صدر بشارلاسد کے برادرِ نسبتی بھی تھے ہلاک ہو گئے
دمشق (ثناء نیوز )شام کے دارالحکومت دمشق میں کابینہ کے وزراء کے ایک اہم اجلاس میں ہونے والے خود کش دھماکے میں وزیر دفاع داود راجحہ اور نائب وزیر دفاع آصف شوکت صھر جو صدر بشارلاسد کے برادرِ نسبتی بھی تھے ہلاک ہو گئے جبکہ وزیر داخلہ بھی زخمی ہو گئے ۔شام کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق یہ خود کش دھماکے دمشق میں نیشنل سکیورٹی کی عمارت میں کابینہ کے وزراء اور اعلی سرکاری اہلکاروں کے ایک اہم اجلاس کے دوران ہوا۔اطلاعات کے مطابق دھماکے میں وزیر داخلہ بھی زخمی ہو گئے ہیں۔یہ دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب حکومت مخالفین کا دعوی ہے کہ دمشق ایک بڑے حملے کی زد میں ہے۔سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی خبر میں کہا گیا کہ وزیر دفاع نیشنل سکیورٹی کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔دمشق میں حکومت اور مخالفین کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔انٹر نیٹ پر دستیاب ایک ویڈیو میں دارالحکومت دمشق میں ایک بیرک کو آگ کی لپیٹ میں دکھایا گیا ہے۔حکومت کے مخالفین کا دعوی ہے کہ دمشق کی ’آزادی‘ اب زیادہ دور نہیں ہے۔ جبکہ سرکاری ذرائع نے دمشق پر بڑے حملے کی اطلاعات کو رد کر دیا ہے۔
تبصرے