وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت دوہری شہریت کے حامل افراد پر انتخابات میں حصہ لینے پر عائد پابندی کے خاتمے کیلئے جلد قانون سازی کرے گی
اسلام آباد (ثناء نیوز) وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت دوہری شہریت کے حامل افراد پر انتخابات میں حصہ لینے پر عائد پابندی کے خاتمے کیلئے جلد قانون سازی کرے گی۔اتحادی جماعتوں کے تعاون سے سمندر پار پاکستانیوں کوان کاجائزحق دلوایاجائے گا۔وزیر اعظم نے اتوار کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو کی اور ان سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دوہری شہریت سے متعلق قانون سازی کیلئے بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے صدرآصف زرداری سے الطاف حسین کی ملاقات کوخوش آئند قرار دیا اور جرتمندی کے ساتھ صدر مملکت آصف زرداری کی کھل کر حمایت کرنے اورملک میں جمہوریت کی بقا کیلئے الطاف حسین کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر الطاف حسین نے دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں پر انتخابات میں حصہ لینے پرعائد پابندی کے خاتمہ کیلئے قانون سازی کے سلسلے میں وزیراعظم کی جانب سے وزیرقانون کوہدایات جاری کرنے کا خیرمقدم کیا اور وزیراعظم سے کہاکہ اس سلسلے میں حکومتی کوششوں کو تیز کیا جائے کیونکہ سمندر پار پاکستانیوں میں اس معاملے پر بہت بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں اوورسیزپاکستانیوں کے وفاقی وزیرڈاکٹر فاروق ستارکی کوششوں سے بھی وزیراعظم کوآگاہ کیا۔وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے الطاف حسین کو یقین دلایاکہ حکومت دوہری شہریت کے حامل افراد پر انتخابات میں حصہ لینے پر عائد پابندی کے خاتمے کیلئے جلد ہی قانون سازی کرے گی اور ایم کیوایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے تعاون سے سمندر پار پاکستانیوں کوان کاجائزحق دلوایاجائے گا۔ الطاف حسین نے ملک کودرپیش چیلنجوں سے نمٹنے ، عوام کے مسائل کے حل اورجمہوریت کی بقا کیلئے وزیراعظم راجا پرویزاشرف کواپنی بھرپورحمایت اورتعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان سے کہاکہ آپ عوام کے مسائل کے حل کیلئے نیک نیتی سے کام کریں ، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے نائن زیرو پر اپنے شاندار استقبال پر الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔
تبصرے