سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر فوج سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیکرٹری دفاع نرگس سیٹھی نے واضح کیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے
اسلام آباد (ثناء نیوز )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر فوج سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیکرٹری دفاع نرگس سیٹھی نے واضح کیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے اور جلد اس مد میں مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ امریکا سے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کیلئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی ، واشنگٹن جائیں گے۔نیٹو سپلائی کی بحالی سے متعلق مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ تیار کیا جارہا ہے۔جبکہ دوسری طرف عسکری ذرائع نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے امریکا جانے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نرگس سیٹھی نے کہا کہ سلالہ حملے کے بعد متاثر ہونے والا پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کا سلسلہ دوبارہ بحال ہورہا ہے اور جلد اس کا نیا دور ہوگا جس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی شریک ہوں گے ۔ اس دورے کی حتمی تاریخ طے ہونا باقی ہے، انہوں نے بتایا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی رقم کب ملے گی میں بتانے سے قاصر ہوں تاہم اس حوالے سے جلد پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ عمومی حالات کی نسبت پاک فوج کی دگنی فورس مختلف محاذوں پر خدمات انجام دے رہی ہے جس سے اخراجات بھی بڑھے ہیں ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس مشاہد حسین کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس اسلام آباد میں ہوا۔ چیئرمین پی آئی اے نے قومی ایئرلائن جبکہ سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے دفاعی امور سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر پاک فوج سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کمیٹی کے ارکان ممکنہ طور پر قبائلی علاقہ جات کا دورہ بھی کریں گے۔ سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے بتایا کہ نیٹو سپلائی روٹ کی بحالی کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ باقاعدہ طور پر مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط ہوں گے ان پر پاکستان کی طرف سے دست خط کی اتھارٹی وزارت دفاع ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ معاملات پر پیشرفت ہو رہی ہے، اسٹریٹجک ڈائیلاگ کیلئے آرمی چیف بھی امریکہ جائیں گے۔ نرگس سیٹھی نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم کی ادائیگی پر بھی بات چیت جار ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے حملوں کے بعد بارڈر پر عام حالات کی نسبت دوگنی فوج تعینات کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت کی طرف سے انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم بھی تجویز کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ پکڑے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید موثر بنایا جاسکے، نرگس سیٹھی نے بتایاکہ امریکا سے اتحادی سپورٹ فنڈ کے 1 ارب 10 کروڑ ڈالرز بھی مل جائیں گے۔ جبکہ دوسری طرف عسکری ذرائع نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے امریکا جانے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عسکری ذرائع نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے امریکا جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شرکت کیلئے امریکا جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔۔
تبصرے