وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اسمبلیوں میں غیر مسلم نشستوں میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی ہے
اسلام آباد (ثناء نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اسمبلیوں میں غیر مسلم نشستوں میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی ہے اور ان نشستوں میں اضافہ آبادی کے تناسب سے ہو گا اجلاس میں دو ارب 51 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی بھی منظوری دی گئی ہے اور اس پیکج پر 5 ہزار 700 یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے عملدرآمد ہو گا رمضان میں سحر و افطار اور تراویح کے وقت لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ این آر او عملدرآمد کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے خط کو وزیر اعظم نے مشاورت کے لیے وزارت قانون کو بھجوا دیا ہے اور وزیر اعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے کابینہ کو آگاہ کریں کیونکہ رولز آف بزنس کے تحت ایسے معاملات کو منظوری کے لیے کابینہ میں پیش ہونا چاہیے اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ کابینہ میں رمضان المبارک میں سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے رمضان پیکج کی منظوری دی گئی ہے جس پر یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے عملدرآمد ہو گا رمضان پیکج کے تحت کھانے پینے کی اشیاء پر سبسڈی فراہم کی جائے گی ایک سوال پر قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ پنجاب کو اس کے تناسب سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے وزیر اعلی پنجاب صوبائیت کو فروغ دینے کی بجائے مثبت تجاویز دیں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 800 میگا واٹ بجلی کے منصوبہ موجود ہیں جن سے ابھی تک ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کا ایک طے شدہ فارمولا ہے جس پر عمل کر رہے ہیں اور کسی صوبے سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا پنجاب بجلی کی پیداوار کا 66 فیصد استعمال کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو بجلی کی پیداوار کا لا متناہی اختیارات دئیے ہیں اور بجلی کی کمی بھی صوبوں میں تناسب کے مطابق تقسیم کی جاتی ہے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر بجلی بحران پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں اور کوشش ہے کہ توانائی کی کمی سے صنعتوں پر دباؤ نہ پڑے اس وقت بجلی کی پیداوار 13 ہزار 650 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے ہمارا ہدف 13 ہزار 500 میگا واٹ تھا جو حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ اگلا ہدف بجلی کی پیداوار کو 15 ہزار میگا واٹ تک لے جانا ہے کوشش ہے کہ سال کے آخر تک 2000 میگا واٹ مزید سسٹم میں شامل کر لیں ۔اس وقت ہمیں 3 ہزار 500 میگا واٹ کمی کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 15 دنوں میں بجلی کی صورت حال کو کافی بہتر بنایا ہے اور بجلی کی تقسیم کی تمام کمپنیوں کو تناسب سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ امتیازی قوانین کا خاتمہ کر رہے ہیں ماضی میں اسمبلیوں میں مسلم نشستوں میں تو اضافہ ہوا لیکن غیر مسلم نشستوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اب جمہوری حکومت نے غیر مسلم نشستوں میں اضافے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ غیر مسلم برادری کو برابری کے حقوق دئیے ہیں ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یقین ہے کہ فخر الدین جی ابراہیم شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت قانون میں کچھ نیا شامل نہیں کیا گیا دنیا میں کوئی ایسا قانون نہیں جس میں اپیل کا حق نہ دیا گیا ہو ۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ہم نے 2008ء میں حکومت بنائی تو حکومت کے محصولات 800 ارب تھے جبکہ اب 1900 ارب تک وصول کیے ہیں یہ بات ضرور ہے کہ ان کی وصولی میںابھی گنجائش موجود ہے اور حکومت کے محصولات کی وصولی میں مزید بہتری آنی چاہیے ۔ہمارے ٹیکس میں ابھی بھی چوری موجود ہے جسے ختم کرنے کی ضرور ت ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہی ہوں گے ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ کو بارہا کہہ چکے ہیں کہ ڈرون حملوں سے ہماری خود مختاری اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو نقصان پہنچ رہا ہے اور یہ حملے بند ہونے چاہیں۔ اس سلسلے میں امریکہ سے بات چیت جاری ہے اورا مید ہے کہ بہت جلد ان حملوں سے جان چھوٹ جائے گی۔سوئس حکام کو خط لکھنے کے بارے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا خط نہ لکھنے کا کبھی بھی موقف نہیں رہا ایسا کہنا توہین ہے اس سلسلے میں وزارت قانون اپنا موقف کابینہ میں لائے گی اور توقع ہے کہ اس سلسلے میں کوئی حل نکلے گا۔قبل ازیںوفاقی کابینہ نے پارلیمنٹ کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے جسٹس(ر) فخر الدین جی ابراہیم کی نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ ان کی اس اہم آئینی عہدے پر نامزدگی ملک میں صاف شفاف منصفانہ و غیر جانبدار انتخابات کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران سحر افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کابینہ نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں غیر مسلموں کی نشستوں میں اضافے کے لیے آئینی ترمیم بارے سفارشات مرتب کر نے کے لیے تین رکنی وزارتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی سے آئندہ اجلاس میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ہائیڈروجن سے چلنے والی چھوٹی گاڑیوں کا معاملہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ وزیر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں بدھ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ توانائی کی کمی کو دور کرنے کے سلسلے میں حکومتی فیصلوں پر عملدر آمد ، اس کے نتیجہ میں صورتحال میں بہتری،بعض قوانین کے مسودوں اور مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں و مشاہمت کی یادداشتوں پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے فخر الدین جی ابراہیم کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس معاملے پر سیاسی و جمہوری قوتوں کی ہم آہنگی کو سیاسی استحکام کی جانب سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔کابینہ نے اسمبلیوں میں غیر مسلموں کی نشستوں میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ یہ اضافہ آبادی کے تناسب پر ہو گا۔ اس بارے کابینہ نے رپورٹ کی تیاری کے لیے وزیر قانون، وزیر بین المذاہب ہم آہنگی، وزیر مذہبی امور پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس بارے رپورٹ پیش کرے گی۔ کابینہ نے تمام علاقوں میں مساوی لوڈ شیڈنگ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے رمضان المبارک میں سحر و افطار تراویح کے اوقات میں بجلی کے تعطل پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے کابینہ کے ارکان کو بتایا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں گزشتہ 15دنوں کے دوران صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ طلب و رسد میں فرق کم ہو کر 3500 میگاواٹ رہ گیا ہے۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ رواں سال کے اواخر تک ستمبر میں مزید دو ہزار میگا واٹ بجلی شامل ہو جائے گی۔ جس سے صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔ کابینہ نے ہائیڈروجن سے چلنے والی چھوٹی گاڑیوں کا معاملہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سپرد کر دیا ہے۔ وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے ہائیڈروجن سے چلنے والی چھوٹی گاڑیوں کا سکھر میں مظاہرہ دیکھا تھا۔
تبصرے