دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کونسل ملک کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے میدان میں نکلی ہے


لاہور (ثناء نیوز) دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کونسل ملک کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے میدان میں نکلی ہے جب تک حکومت کی پالیسی تبدیل اور پاکستان میں ڈرون حملے و نیٹو کی سپلائی بند نہیں ہوجاتی تحریک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ناصر باغ کے باہر چوک استمبول میں نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف لانگ مارچ کے پغاز پر افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لانگ مارچ کے شرکاء سے جمات اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن اور جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے بھی خطاب کیا جبکہ قائدین میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی لاہور امیرالعظیم، جماعت الدعوۃ کے مرکزی رہنما امیر حمزہ، عامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل، علامہ طاہر محمود اشرفی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پغازپر امریکہ نے اسے صلیبی جنگ قرار دیا تھا ہم اللہ کی راہ میں نکلے ہیں جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان سے نہیں نکلتے اور پاکستان کے حکمرانوں کا قبلہ درست نہیں ہوتا گھر واپس نہیں جائیں گے۔ سید منور حسن نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف لانگ مارچ تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان اور پاکستان کے مسلمانوں کو اپنا غلام بن کر ہمارے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ اور جماعتیں سمجھتی ہیں کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ غلط تھا اور ڈرون حملے نہیں ہونے چاہیئے ، نیٹو سپلائی بند ہونی چاہیئے وہ ہمارے ساتھ جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔ محض بیانات سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ فرزندان توحید کا پر امن لانگ مارچ امریکہ کے غلام حکمرانوں اور ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ آج آسمان اور زمین بھی ایک ہوگئے ہیں فرزندان اسلام باہر نکلے ہیں تو اللہ تعالی نے ان پر بادلوں کا سایہ کردیا ہے اور گرمی کی شدت دور کردی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ دفاع پاکستان کونسل میں جو عظیم اتحاد قائم ہوا ہے اللہ تعالی اس میں اور برکت ڈالے، لانگ مارچ کا آغاز دوپہر 12بج کر ایک منٹ پر ہوا جب قائدین کی قیادت میں قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہوگئے۔

تبصرے