پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پاک امریکہ تعلقات میں پیشرفت کے لیے جمہوری اداروں کے فیصلوں کی پاسداری کو ناگزیر قرار دیا ہے
اسلام آباد (ثناء نیوز ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پاک امریکہ تعلقات میں پیشرفت کے لیے جمہوری اداروں کے فیصلوں کی پاسداری کو ناگزیر قرار دیا ہے۔نواز شریف نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں سبکدوش امریکی سفیر کی خدمات کو سراہا ہے اور امریکہ پر زور دیا ہے کہ عوامی سطح پر رابطوں کو آگے بڑھنا چاہیے۔سابق وزیراعظم نے امریکہ سے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ باہمی احترام اور باہمی اعتماد کی پالیسی کو اختیار کرے۔اتوار کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں میاں محمد نواز شریف سے سبکدوش امریکی سفیر کیمرون منٹر نے اہلیہ کے ہمراہ ملاقات کی تھی۔ سابق وزیر اعظم نے دو طرفہ تعلقات کے حوالیے سے ان کی کاوشوں کی تعریف کی ۔ نواز شریف نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے قومی مفاد عزیز ہوتے ہیں دو طرفہ مفادات کے تحفظ ہی سے اعتماد کے فقدان کو دور کیا جا سکتا ہے ۔ یہی تعاون کی بحالی کا واحد ذریعہ ہے۔نواز شریف نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے وسیع تر مفاد کا تقاضا ہے کہ عالمی امن کے سلسلے میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے باہمی احترام کی پالیسی کو فروغ دیا جائے۔ ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر نے امریکہ پر پاکستان سے متعلق پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے بارے ایسی پالیسی کو فروغ دینا چاہیے جس سے جمہوری ادارے مضبوط ہوں اور پاکستان کا غیر ملکی امداد پر انحصار کم سے کم ہو۔سبکدوش امریکی سفیر نے کہا کہ انہیں پاکستان میں قیام کے دوران یہاں کی عوام سے انتہائی متاثر کیا ہے۔پاکستان کے عوام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ پاکستان درست سمت آگے بڑھے گا۔
تبصرے