وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہنے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے رہنما اصولوں کے تحت نیٹو سپلائی کی بحالی کے بارے تحریری معاہدہ تیار کر لیا ہے۔ آئین کے مطابق عام انتخابات کے لیے نگران حکومت کی تشکیل سے متعلق سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے
اسلام آباد (ثناء نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہنے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے رہنما اصولوں کے تحت نیٹو سپلائی کی بحالی کے بارے تحریری معاہدہ تیار کر لیا ہے۔ آئین کے مطابق عام انتخابات کے لیے نگران حکومت کی تشکیل سے متعلق سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے۔ انتخابات اگلے سال ہی ہوں گے۔این آر او عملدر آمد کیس کے حوالے سے کوئی بہتر راستہ نکل سکتا ہے تو ایسا ہونا چاہیے۔ تنازعے کو ختم ہونا چاہیے۔ بھارت سے گیس و پٹرولیم مصنوعات کی در آمد کے لیے بات چیت کی اجازت دے دی گئی ہے۔بلوچستان کے معاملے پر وزیر دفاع سید نوید قمر کی سربراہی میں 5رکنی وزارتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔بدھ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب اور افغانستان کے حالیہ دوروں کے بارے میں اعتماد میں لیا۔وزارت داخلہ اور پاسپورٹ و نادرہ حکام نے ایک برطانوی اخبارکی جانب سے پاسپورٹ اسکینڈل کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کے ضمن میں اصل حقائق سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اس معاملے کی متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری رہیں گی تاہم برطانوی اخبار نے بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ پورے ادارے کی ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کے سعودی عرب اور افغانستان دونوں دورے انتہائی مثبت اور مفید رہے۔ دورہ افغانستان میں وزیر اعظم نے امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے معاملے پر پانچ رکنی کمیٹی میں وفاقی وزراء سید نوید قمر، رحمان ملک،میر چنگیز خان جمالی،محمد عمر گورگیج اور وہ خود شامل ہوں گے۔ وزیر دفاع کمیٹی کے صدر ہوں گے۔ آئندہ کابینہ کا اجلاس بلوچستان کے ایک نکاتی ایجنڈے پر منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم کی خریدوفروخت کا جائزہ لیا گیا۔بھارت سے گیس، پٹرولیم مصنوعات کی در آمد کے لیے بات چیت کی اجازل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ برطانوی اخبار کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے وضع کردہ پالیسی گائیڈ لائن کے مطابق نیٹو سپلائی کی بحالی بارے تحریری معاہدہ تیار کیا ہے۔ پارلیمنٹ نے اپنی سفارشات میں واضح طو رپر کہا تھا کہ تعاون بارے زبانی معاہدہ نہیں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ این آر او عملدر آمد کیس کے حوالے سے اٹارنی جنرل نے جسٹس کھوسہ کی بینچ سے علیحدگی کی درخواست کی ہے۔ انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اگر ایسا ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی کا بحران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے بجلی کی مجموعی پیداوار ساڑھے14 ہزار میگاواٹ ہے۔کمپنیوں کو تیل کی مسلسل فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔ شیڈول کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جوال میں انہوں نے کہا کہ نادرا نے ملک کے تمام حصوں میں شہریوں کو رجسٹریشن کارڈ کی فراہمی اور دیگر غلطیوں کی درستگی کے لیے سہولیات فراہم کی تھیں۔ نادرا کی ٹیم بحریہ بھی گئی تھی وہاں لوگوں نے اپنے پتہ جات تبدیل کرنے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی ٹیم اگر چکری جا سکتی ہے تو بحریہ کیوں نہیں کیا وہ بھارت کا حصہ ہے کہ وہاں نادرا کی ٹیم نہ جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے لیے جلد یا بددیر سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے۔ انتخابات اگلے سال ہوں گے۔ کسی کی جانب سے مقررہ وقت سے پہلے انتخابات کے مطالبے کا مطلب یہ نہیں کہ یہ معاملہ طے ہو گیا ہے۔ این آر او عملدر آمد کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اچھا راستہ نکلتا ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ تنازعہ میں پڑے رہے تو راستہ کیسے نکلے گا۔ اچھا راستہ نکالتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔
تبصرے