صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارےسیاسی دوست آئندہ انتخابات کا انتظار کریں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے
کراچی (ثناء نیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارےسیاسی دوست آئندہ انتخابات کا انتظار کریں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ سیاست میں مقابلہ جمہوری طریقے سے ہوتا ہے اور جمہوریت حاصل کرنے کا طریقہ انتخابات ہے۔ ان انتخابات میں فیصلہ ہوجائے گا کہ عوام کا اصل خادم کون ہے۔آئندہ انتخابات اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی سازشوں سے نہیں گھبراتی، جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے دی ہیں۔۔ پیپلز پارٹی کے جو رہنما، وزیر یا رکن پارلیمنٹ عوام کی خدمت کو اپنا فرض نہیں سمجھتا اس کیلئے پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں، تمام وزراء اور اراکین اسمبلی کی کارکردگی کا ایک ماہ بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی پی کے سندھ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی علاقائی جماعت نہیں بلکہ قومی اور عوامی جماعت ہے۔ ہمارا مشن عوام کی خدمت اور خوشحال پاکستان ہے۔ اس مشن کو جاری رکھیں گے۔ پیپلز پارٹی آئین شکن نہیں بلکہ آئین کو بنانے والی ہے۔ 73 ء کا آئین موجودہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بحال کیا۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ ہم میثاق جمہوریت پر عمل نہیں کیا وہ یہ بتائیں کہ ہم نے تمام آئینی اصلاحات اتحادی اور سیاسی قوتوں کی مشاورت سے نہیں کی۔انہوںنے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ ملک میں جمہوریت کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلز پارٹی نے دی، جمہوریت کی بقا کی خاطر بھٹو شہید ہوئے، شہید بی بی نے شہادت کا درجہ پایا۔ ہم نے بھی اسی مشن پر قائم ہیں اور جمہوریت کی بقاء کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ صدر نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی رو پر گامزن ہوتے ہوئے ایک غیر جانبدار شخص کو چیف الیکشن کمشنر مشاورت سے مقرر کیا۔ یہ جمہوری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ الزام لگا رہے ہیں کہ ہم عدلیہ کا احترام نہیں کرتے، وہ سمجھ لیں کہ ہم عدلیہ کا پہلے بھی احترام کرتے تھے، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لوگ عوامی ہیں، ہم جیل جانے یا مقدمات کا سامنا کرنے سے نہیں گھبراتے۔ ہم تمام مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کرتے ہیں اور عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ کسی ادارے سے ٹکراؤ ہماری پالیسی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی آئینی بحران نہیں ہے۔ تمام ادارے اپنی حدود میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر جتنی بھی سازشیں کرلیں ، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ہماری طاقت عوام ہے اور عوام ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ وقت تنقید اور مخالفت کا نہیں بلکہ میں تمام سیاسی قوتوں کو کہتا ہوں کہ وہ آئیں مل کر ہم سب پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں۔ ایسا پاکستان جس کا ویژن قائداعظم محمد علی جناح نے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ اس وقت عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا جو نعرہ بھٹو نے لگایا تھا ہم اس نعرے کو عملی جامعہ پہنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے خاتمے، غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کو دور کرنے کیلئے قلیل، درمیانی اور طویل المدت پالیسیوں پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ ہم امداد نہیں تجارت پر یقین رکھتے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تنقید ضرور کریں ہم تنقید سے گھبراتے نہیں بلکہ اس سے بھی رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ میں وفاق کی علامت ہوں، سیاست نہیں کرتا۔ پارٹی ورکرز سے ملنا میرا جمہوری حق ہے۔ صدر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ صوبے کے عوام کے مسائل کے حل اور تمام اہم ایشوز پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ صدر نے کہا کہ اتحادی ہمارے بازو ہیں اور بینظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کے سبب جن سیاسی قوتوں سے ہمارا اتحاد قائم ہوا ہے۔ وہ آئندہ انتخابات میں برقرار رہے گا۔ صدر نے اجلاس میں اراکین اسمبلی سے ان کے حلقوں کے بارے میں سوالات کئے۔ مختلف اراکین اسمبلی نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا جسے صدر نے فوری حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کی اور صدر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام اراکین اسمبلی کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کریں اور ان کی تجاویز وسفارشات کو سن کر آئندہ مستقبل کیلئے عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے کی پلاننگ کی جائے۔صدر نے اراکین اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے میں رہیں۔ صدر نے کہا کہ عوامی منصوبوں میں غفلت برتنے والے افسران کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور پارٹی رہنما اور ورکرز آئندہ انتخابات کی تیاریاں کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو ہمیں آئندہ 50 برسوں کی منصوبہ بندی ابھی سے کرنا پڑے گی اور مسائل کو کم کرنے کیلئے وسائل کو بڑھانا پڑے گا۔
تبصرے