امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نےنیٹوسپلائی کی بحالی اور ڈرون حملوں کیخلاف بابِ خیبر جمرود کے مقام پر نیٹو سپلائی روٹ پر دیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم عالمی امن کے خواہاں ہیں لیکن ہماری اس خواہش کو کمزوری سمجھ کرامریکہ اور اُس کے اتحادی دنیا بھر میں مسلمانوںکا خون پانی کی طرح بہارہے ہیں


جمرود(ثناء نیوز ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نےنیٹوسپلائی کی بحالی اور ڈرون حملوں کیخلاف بابِ خیبر جمرود کے مقام پر نیٹو سپلائی روٹ پر دیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم عالمی امن کے خواہاں ہیں لیکن ہماری اس خواہش کو کمزوری سمجھ کرامریکہ اور اُس کے اتحادی دنیا بھر میں مسلمانوںکا خون پانی کی طرح بہارہے ہیں۔امریکی فیصلوں سے دنیا میں بدامنی اور دہشت گردی پھیل رہی ہے۔ہم نیٹوسپلائی کو بزورقوت روک سکتے ہیں۔لیکن بدامنی سے بچنے کے لئے ہم چاہتے ہیں کہ ملکی مفاد اور قومی اُمنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ حکمران کریں۔نوازشریف اور عمران خان اب بھی نیٹوسپلائی کے خلاف سڑکوں پر نہ نکلے تو عوام انہیں امریکہ کے دوست اور پاکستان کے دشمن سمجھنے میں حق بجانب ہونگے۔دہشت گردی کو ختم کرنے کے نعرے پر آنے والے امریکہ نے پورے خطے کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر افغانستان اور پاکستان کے معصوم شہریوں ضعیف بزرگوں،عورتوں اور بچوںکا قتل عام کیا ہے۔سید منورحسن نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور امت مسلمہ کا دشمن ہے جس نے قرآن پاک کو جلانے اور نبی اکرمؐ کے خاکے بناکر اسلام اور مسلمانوں سے کھلی دشمنی کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منورحسن ، مرکزی نائب امیر سرا ج الحق، صوبائی امیر پروفیسر محمدا براہیم خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیرا حمد خان، صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ اورجماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشیدکی قیادت میں حیات آباد پشاور سے تاریخی احتجاجی مارچ کا آغاز ہوا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی سید منورحسن اور دیگر قائدین ایک بڑے ٹرک پر سوار تھے۔ تختہ بیگ جمرود کے قیام پر ریلی کے شرکاء اپنی گاڑیوں سے اُتر گئے اور انہوں نے باب خیبر جمرود تک پیدل احتجاجی مارچ کیا۔ باب خیبر جمرود پہنچنے پر امیر جماعت اسلامی سید منورحسن اور دیگر قائدین کا شاندار استقبال کیا گیا۔دھرنے میں خیبر پختونخوا اور قبائلی عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختتامی دعا تک اپنی جگہ پر بیٹھے رہے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق سید منورحسن نے کہا کہ امریکہ نہ صرف پاکستان کے جوہری اثاثوں بلکہ سینٹرل ایشیاکے تمام وسائل کو اپنے قبضے میں لینا چاہتاہے اور خطے میں چین کی بالادستی کو ختم کرکے بھارت کو بالادست قوت بنانا چاہتاہے۔سیدمنورحسن نے کہاکہ امریکی ایماء پر باڑہ سمیت قبائلی علاقوں میں ہونے والے آرمی آپریشن سے تین لاکھ سے زائد لوگوں کو گھروں سے بے گھر اور ہجرت پر مجبور ہونا پڑاہے۔اُنہوںنے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں جاری آرمی اپریشن کو فور ی طور پر ختم کرکے وہاں کے عوام کو اس آپریشن کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ سید منورحسن نے کہاکہ عوام پائیدار تبدیلی کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔لوگوںنے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں کو بار بار آزمایا لیکن ملک سے غربت ، بیر وزگاری ، مہنگائی اور بدامنی کا خاتمہ ہونے کے بجائے ان مسائل میں روزافزاں اضافہ ہو تا چلا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی مسائل پر قابوپانے کے لئے خطے سے امریکی انحلاء ضروری ہے۔ عوام امریکہ اور اس کے حواریوں سے نجات کے لئے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہم نہ صرف نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں بلکہ خطے میںاستعماری قوتوں کے گھناؤنے کردار کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیںگے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کمزور سمجھنے والے مصر، تیونس ، لیبیا سمیت عرب ریاستوں میں آنے والے انقلاب کو سامنے رکھیں۔ قبل ازیں حیات آباد پشاور سے باب خیبر جمرود تک احتجاجی مارچ کیا گیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا کہ غیرت مند پختون باب خیبر کو گواہ بنا کر قوم سے وعدہ کرتے ہیں کہ اس دروازے سے گزر شراب، خنزیر اور اسلحہ امریکی غاصب افواج تک نہیں جانے دیا جائیگا۔ افغانوں کا قتل عام نہیں ہونے دینگے۔ اسلام آباد میں ملت فروش میر جعفر و میر صادق براجمان ہیں ۔جو چند ڈالروں کے عوض قومی غیرت و حمیت کا سودا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اے این پی نے قوم پرستی کے بجائے ڈالر اور روبل پرستی کو اپنا دین و مذہب بنا لیا ہے۔ اے این پی میں امریکی سی آئی اے اور بھارتی “را” تخریب کاری ایجنسی کے ایجنٹ بیٹھے ہوئے ہیں جو جگہ جگہ دہشت گردی کرکے ملک کو عدم استحکام کا شکار کر رہے ہیں۔ قومی لشکر بنا کر اے این پی خانہ جنگی کرو ا رہی ہے۔ انہوں نے لاہور ، پشاور ، کراچی اور کوئٹہ میں ہونے والی تخریب کاری اور دہشت گردی کے وارداتوں میں اے این پی کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا اور مطالبہ کیا کہ ملکی سلامتی کے ادارے اقتدار کے بل بوتے پر ملک دشمن کا روائیوں میں ملوث لوگوں کا سراغ لگائیں۔ دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمدا براہیم خان نے کہاکہ نیٹو سپلائی کھولنے کا حکومتی فیصلہ اسلامی شریعت کے خلاف ہے۔ حکمران امریکی غلامی میں ملک و ملت ہی نہیں دین سے بھی غداری کر رہے ہیں۔ ملک کے تمام علماء اور مفتیان کے نزدیک نیٹو سپلائی کی بحالی اپنے مسلمان بھائیوں کے قتل عام میں دشمن کو مدد فراہم کرکے ان کے خون سے ہاتھ رنگنے کے مترادف ہے جو حرام اور انتہائی شرمناک عمل ہے۔ دھرنا کے موقع پر مقامی لوگوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ۔ جمرود بازار کے تمام دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کرکے دھرنے میں شرکت کی۔ چاروں طرف خیر مقدمی بینرز اور جماعت اسلامی کے پرچم آویزاں تھے۔ فاٹا کی تاریخ میں باب خیبر پہلی دفعہ بند ہوا تھا۔ دھرنا سے صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان ، سیکرٹری جنرل شبیرا حمد خان ، قبائلی علاقہ جات کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید، فاٹاکے نائب امیر زرنور آفریدی اور خیبر ایجنسی کے امیر شاہ فیصل آفریدی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے