سینٹ میں بھی متعلقہ قواعد کو معطل کرتے ہوئے کثرت رائے کی بنیاد پر توہین عدالت سے متعلق قانون وضع کرنے کا بل منظور کر لیا گیا ہے


اسلام آباد(ثناء نیوز )سینٹ میں بھی متعلقہ قواعد کو معطل کرتے ہوئے کثرت رائے کی بنیاد پر توہین عدالت سے متعلق قانون وضع کرنے کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کر گئیں اور رائے شماری میں حصہ نہیں لیا ۔سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن، سینیٹر میاں رضا ربانی، سینیٹر مشاہد حسین سید نے بل پر اعتراضات اٹھانے کے باوجود بل کے حق میں ووٹ دیئے ۔سینٹ میں بل پر بحث مکمل ہونے کے بعد چیئرمین سینٹ سینیٹر نیئر حسین بخاری نے بل منظوری کے لیے پیش کرنے کے لیے فلور دیا تو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق اپنی نشست سے کھڑے ہو گئے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کیونکہ عجلت میں اس قانون سازی کے بارے میں ہماری رائے کو تسلیم نہیں کیا گیا جس پر ہم واک آؤٹ پر مجبور ہیں ان کے اعلان پر مسلم لیگ (ن) ،جے یو آئی(ف) اور نیشنل پارٹی کے سینیٹرز احتجاجاً واک آؤٹ کر گئے۔ اپوزیشن نے واک آؤٹ کے بعد وزیر قانون کے بل منظوری کے لیے ایوا ن میں پیش کر دیا۔سینیٹر رضا ربانی، سینیٹر اعتزاز احسن ،سینیٹر مشاہد حسین سید نے بل کے بعضوں شقوں پر اختلاف رائے کے باوجود بل کے حق میں ووٹ دیئے بل کو اپوزیشن کی عدم موجودگی میں منظور کر لیا گیا۔
سینٹ میں بھی توہین عدالت سے متعلق قانون وضع کرنے کا بل منظور

تبصرے