قومی اسمبلی میں برما میں مسلمانوں کے قتل عامکے خلاف مذمتی قرار داد منظور ضروری کارروائی کے لیے وزارت خارجہ کو بھجوا دی گئی
اسلام آباد (ثناء نیوز )قومی اسمبلی میں برما میں مسلمانوں کے قتل عامکے خلاف مذمتی قرار داد منظور ضروری کارروائی کے لیے وزارت خارجہ کو بھجوا دی گئی ۔ متفقہ قرار داد کے ذریعے حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان مظالم کے خلاف برما کی حکومت سے سخت احتجاج مظالم رکوانے اور لاکھوں بے گھر افراد کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ سے رابطہ کرے ۔ قومی اسمبلی نے گزشتہ شب برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف مذمتی قرار داد کو اتفاق رائے سے منظورکی گئی ہے ۔ ایوان میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء مولانا عطاء الرحمن نے برما کی حکومت کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی تھی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے برما کے صوبہ اراکان کے مسلمانوں کے قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ایوان حکومت برما کے ان اقدام کی مذمت اور سخت احتجاج کرتا ہے۔قرار داد میں کہا گیا کہ برما کی حکومت کی جانب سے ہزاروں مسلمانوں کے قتل کے علاوہ 500 دیہاتوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ ایک لاکھ مسلمان بے گھر کر دیئے گئے انسانی حقوق کی اس بدترین پامالی کی ذمہ دار برما کی حکومت ہے قومی اسمبلی حکومت کو ہدایت کرتی ہے کہ مسلمانوں کے اس قتل عام پر برما کی حکومت سے احتجاج کرے۔ قتل عام کو رکوانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جائے وہ برما کے بے گھر اور دربدر مسلمانوں کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کرے۔ قرار داد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے قرار داد ضروری کارروائی وزارت خارجہ کو بھجوا دی ہے ۔ حکومت پاکستان کو ان مظالم کے خلاف برما سے حکومت باضابطہ احتجاج ، اقوام متحدہ سے اس انسانی المیہ کا نوٹس لینے اور ایک لاکھ سے زائد افراد کی بحالی کے لیے رابطے کا پابند بنایا گیا ہے ۔
تبصرے