وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے اور اس کی بالادستی کے ایجنڈے پر عملدر آمد جاری رہے گا
اسلام آباد (ثناء نیوز ) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے اور اس کی بالادستی کے ایجنڈے پر عملدر آمد جاری رہے گا۔ قوم کی یہی اجتماعی دانش گاہ ان کے احساسات ، جذبات کی حقیقی ترجمان ہے۔ جمہوری و سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت اٹھا نہیں رکھیں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی اس ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو عوامی نیشنل پارٹی کے وفد اور نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی سے الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ متذکرہ حکومتی اتحادی جماعت کے وفد نے سینیٹر زاہد خان کی قیادت میں ملاقات کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ افغانستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ اتحادی جماعت نے حکومت کی خطے میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ کے لیے کاوشوں کی تعریف کی۔ علاقائی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون میں اضافے کی پالیسی کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اتحادی جماعت نے پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی کے لیے حکومت کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے تعلقات کار جمہوری قوتوں میں ہم آہنگی کے لیے اتحادی جماعت نے وزیر اعظم کو مختلف تجاویز بھی دیں۔ اتحادی جماعت نے کہا کہ حالات خواہ ایسے ہوں وہ ہر صورت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی یا پارٹی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ ہم سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پارلیمنٹ کی بالادستی کا ایجنڈا اختیار کیے ہوئے جس پر گامزن رہیں گے۔وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخواہ حکومت بالخصوص صوبے کے عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اپنے نائب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات میں بھی ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت و اتحادی جماعتوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف تجاویز پر گفتگو ہوئی۔
تبصرے