برما میں انتہا پسندوں و عسکریت پسندوں کیجانب سے مسلمانوں کو تہہ تیغ کر نے کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں دینی و مذہبی جماعتوں اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی کال پر یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا


اسلام آباد(ثناء نیوز ) برما میں انتہا پسندوں و عسکریت پسندوں کیجانب سے مسلمانوں کو تہہ تیغ کر نے کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں دینی و مذہبی جماعتوں اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی کال پر یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا۔ مسلمانوں کے وسیع پیمانے پر قتل و غارت گری کے خلاف عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی بے حسی کی مذمت کرتے ہوئے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا ہے۔ ملک بھر کی مساجد میںنماز جمعہ کے اجتماعات میں برما کے مسلمانوں کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ حکومت پاکستان سے برما کے انتہا پسندوں کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سخت نوٹس لینے اور برما کی حکومت سے اس بارے میں باضابطہ احتجاج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ بڑے شہروں میں مظاہرے بھی کیے گئے۔ دینی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ عروج پر ہے عالمی برادری بالخصوصی عالمی اسلام کی خاموشی سے امہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندوں کو برما کی حکومت اور اسلام دشمن قوتوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کے قتل کے واقعات میں کمی کی بجائے آئے روز ان میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالم اسلام کو اس مظالم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔ رہنماؤں نے اس معاملے پر فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کر نے اور بڑے مسلمان ممالک کی قیادت سے ان مظالم کو رکوانے کے لیے اپنے اثر ورسوخ کو استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان کے دینی و مذہبی جماعتوں نے اپنے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی متفقہ قرارداد کے مطابق احتجاج ریکارڈ کر نے کے لیے برما کی حکومت سے رابطہ اور لاکھوں در بدر مسلمانوں کی بحالی کے لیے فوری طور پر اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنے پر مجبور کیا جائے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے اپنے حالیہ سیشن میں ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے برما بالخصوص صوبہ اراکان میں مسلمانوں کے وسیع پیمانے پر قتل کے واقعات کے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی بے حسی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ قرار داد ضروری کاروائی کے لیے وزارت خارجہ کو بھجوائی گئی تھی۔برما کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند نہ ہو نا انتہائی افسوسناک ہے ،او آئی سی اور مسلم دنیا کے حکمران اب تو مہر سکوت توڑ ڈالیں ،حقوق انسانی کے نام نہاد علمبرداروں کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ،پاکستانی میڈیا کی بے حسی اور خاموشی حیران کن ہے ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی اپیل پر برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے موقع پر وفاق المدارس کے قائدین اور ملک کے جید علماء کرام نے ملک کے مختلف شہروں میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری محمدحنیف جالندھری نے پریس کانفرنس کے دوران آج بروز جمعہ کو برما کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں’’ یوم احتجاج ‘‘کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا ۔چنانچہ مولانا سلیم اللہ خان صدر وفاق المدارس نے جامعہ فاروقیہ کراچی ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی ،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی نے دارالعلوم کراچی،مولانا مفتی محمد نعیم نے جامعہ بنوریہ کراچی،مولانا محمد حنیف جالندھری نے جامعہ خیر المدارس ملتان ،مولانا انوار الحق نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک ،مولانا فضل الرحیم نے جامعہ اشرفیہ لاہور،مولانا ظہور احمد علوی نے اسلام آباد ، مولانا قاضی عبدالرشید نے راولپنڈی،مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن نے حیدرآباد سندھ ،مولانا قاری مہر اللہ نے کوئٹہ،مولانا حسین احمد نے پشاور اور مولانا محمود الحسن اشرف نے مظفرآباد میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے برما کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں کہیں سے بھی صدائے احتجاج بلند نہ ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔انہوں نے او آئی سی اور اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ اب تو مہر سکوت توڑ ڈالیں ۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وتشدد کے معاملے میں انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے اب تو مسلمانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔وفاق المدارس کے قائدین نے برما کے مسلمانوں کی مظلومیت کے معاملے میںپاکستانی میڈیا کی خاموشی اور بے حسی کو حیران کن قرار دیتے ہوئے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ تو کم از کم برما کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار سے قوم کو آگاہ کریں ۔علماء کرام نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ برمی مسلمانوں کا ہر ممکن تعاون کریں ۔اس موقع پر برماکے شہید مسلمانوں کے درجات کی بلندی اور مظلوم مسلمانوںکی نجات لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

تبصرے