دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر جمعہ کو نیٹو سپلائی کی بحالی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی جلسے ،جلوس اور مظاہرے کیے گئے
لاہور،کراچی ،کوئٹہ ،پشاور، اسلام آباد(ثناء نیوز )دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر جمعہ کو نیٹو سپلائی کی بحالی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی جلسے ،جلوس اور مظاہرے کیے گئے ۔ اس موقع پر حکومت کے مطالبہ کیا گیا کہ نیٹو سپلائی بحالی کا فیصلہ واپس لیا جائے ادھر لاہور میں چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ دفاع پاکستان کونسل کے لانگ مارچ میں شرکت کرکے غیرت ایمانی کا ثبوت دیں ،وقت کا تقاضاہے کہ پوری ملت اسلامیہ عالم کفر کے سامنے کھڑی ہو، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے اپنی پارٹی کے لانگ مارچ کی تیاری کے سلسلے میں جمعیتلاہور ْقصور،شیخوپورہ،اوکاڑہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی ،مولانامخدوم منظور احمد ،علامہ ظہیرالدین بابر،مولانامحمدعاصم مخدوم ،مولاناعبدالرب امجد،مولاناخلیل الرحمن حقانی ،مولانا اعظم حسین ،غازی الدین بابر،مولانا محمدنواز سندھو ودیگر نے شرکت کی ،اجلاس میں لانگ مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ پریذیڈنٹ ہاؤس امریکی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے اور خفیہ معاہدوں کے ذریعہ قوم اور قومی اداروں کی خود مختاری کو پامال کر رہا ہے امریکہ کے ساتھ تمام خفیہ معاہدوں کو منظر عام پر لایا جائے اور قوم کو اعتماد میں لیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کوبیرونی دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کرہمارے ساتھ کھڑی ہو، امریکہ نے خود یا بھارت وغیرہ کے ذریعہ پاکستان پر حملہ کرنے کی جرأت کی تو اسے پاکستان قوم کیساتھ ٹکرانا ہوگا اور پاکستانی قوم جہادی جذبے کے ساتھ امریکی جارحیت کا مقابلہ کرے گی ،دفاع پاکستان کونسل سیاسی فکر کو جہادی فکر میں تبدیل کر کے امریکہ کو منہ توڑ جواب دے گی اور اسے شکست کا نشان بنا دے گی ہم پاکستانی قو م سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بد مست امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خوفناک عزائم کے مقابلے میں متحد ہو جائے امریکہ فرقہ واریت کو ہوا دے کر پاکستانی قوم کو کمزور کرنا چاہتا ہے قوم متحد ہو کر ان عزائم کو ناکام بنا دے اور امریکہ کو باور کرائے کہ اس کیلئے پاکستانی قوم کا جواب کیا ہوگا ۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ہم سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ از خود نوٹس لیکر ڈرون حملوں کے سلسلہ میں حکومت اور فوج کو پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کا اور آئین کے آرٹیکل 245کے تقاضے پورے کرنے کا پابند کیا جائے نیز سپریم کورٹ امریکہ سے ڈرون حملوں کے نتیجہ میں شہید ہونے والے 3315پاکستانیوں کے خون کے معاوضہ کا مطالبہ کرنے کیلئے حکومت کو حکم جاری کرے ۔
تبصرے