پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمدنوازشریف نے کہاہے کہ انتخابات کو ایک سال کیلئے موخر کرانے کی سازشیںخودفریبی ہے
اسلام آباد(ثناء نیوز )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمدنوازشریف نے کہاہے کہ انتخابات کو ایک سال کیلئے موخر کرانے کی سازشیںخودفریبی ہے اور اگر کسی کے ذہن میں ایسامنصوبہ ہے تو وہ اُسے نکال دے ،چونکہ مسلم لیگ(ن) اِس طرح کی سازش کا ڈٹ کا مقابلہ کرے گی۔پاکستان کے تمام بحرانوں کا حل جلد از جلد آزاد اور منصفانہ انتخابات ہیں۔مسلم لیگ(ن) نے اسمبلی میں رہ کر متفقہ چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کا مقدمہ جیتااور اسے یقینی بنایا اور اگر مسلم لیگ(ن) اسمبلیوں سے باہر آ جاتی تو زرداری حکومت اپنے من پسندچیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرکے ملک میںنیا بحران کھڑا کردیتی۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح مسلم لیگ(ن) نے متفقہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کو یقینی بنایاہے اسی طرح وہ ملک میں آزاد نگران حکومتوں کے قیام کو بھی یقینی بنائے گی۔انہوںنے کہاکہ ملک گذشتہ چار سالوں میں زرداری حکومت نے ملک کا جو حشرکیاہے اُس کے بعد موجودہ حکومت کا ہر دن قوم اور عوام کیلئے انتہائی بھاری ثابت ہورہا ہے۔حکومت کی سب سے بڑی ناکامی اور نااہلی پاکستان کی معیشت کی تباہی ہے جس کے نتیجے میں لوڈشیڈنگ ،مہنگائی،بے روزگاری اور غربت کے عذاب نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جس ملک کی معیشت کمزور ہواُس کی آزادی ،خودمختاری اور سلامتی داؤ پر لگ جاتی ہے۔ملک کی مضبوطی، استحکام اور خودمختاری کیلئے توانامعیشت ناگزیرہے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رہتاتو آج ہم ایشیاء کے سب سے زیادہ رفتارسے ترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہوتے۔مسلم لیگ(ن) کی منشور کمیٹی نے توانائی ،تجارت اور تعلیم کیلئے جامع پروگرام بنایا ہے جس کے ذریعے ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے ساتھ ساتھ ایشیاء میں بہترین ترقی کرنے والے ممالک کی صف شامل کیاجائے گا۔ا نہوںنے کہاکہ پاکستان کے نوجوانوں کاسب سے بڑامسئلہ معیاری تعلیم اور روزگارہے اور بے روزگاری کا خاتمہ ملک میں صنعتیں انقلاب برپاکرکے ہی کیاجاسکتاہے۔ پاکستان کی زراعت کو بروئے کارلاتے ہوئے ملک کے چپے چپے پر صنعتیں قائم کی جائیں گی تاکہ ترقی کے ثمرات دیہی علاقوں پر پہنچائیں جا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اور اس کے اتحادی ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دارہیں جنہوںنے اپنے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا لیکن پاکستان کے 18کروڑ عوام کی زندگی بدحال کردی۔ انہوںنے کہاکہ ماہِ رمضان میں عوام پر لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کرکے اس ماہ مبارک کے دوران عوام کی مشکلات میں حکومت نے مزید اضافہ کردیا ہے۔لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بڑی حد تک مصنوعی ہے جس کی وجہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی ہے۔اگر حکومت اپنے اللے تللے چھوڑ کر بجلی پیدا کرنے کیلئے وسائل پیدا کرے تو 48گھنٹوں میں لوڈشیڈنگ پر بڑی حد تک قابو پایاجاسکتاہے۔انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب بھی مسلم لیگ(ن) کاقلعہ ثابت ہوگا،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں تاریخی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور جس طرح وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سیلاب کے دوران امدادی کاروائیوں اور متاثرین کی بحالی کی نگرانی کی عوام اُسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔وہ ملتان سے مسلم لیگ(ق) کے رہنما عاصم بھیڑ اور حلقہ 148 سے متعدد ناظمین کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے مخدوم رشید میں جلسے کی دعوت بھی قبول کی۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال بھی موجود تھے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمدنوازشریف کی صدارت میںا جلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیاگیا کہ اگست کے مہینے کو ماہِ عزم کے طورپر منایاجائے گا اور 1947ء کے بعد ایک بار پھر ااگست اور ماہ رمضان المبارک کے یکجاہونے پر اس بات کا عہد کیاجائے گا کہ ہم پاکستان کو غربت،مہنگائی،بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ اور بدامنی سے آزادی دلوا کر اسے قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصور کے مطابق خود دار ،خوشحال اور خودمختار پاکستان بنائیں گے۔ اس حوالے سے تمام ضلعوں میں تقاریب منعقد کیجائیں گی۔ مرکزی تقریب کا اہتمام 5اگست کو لاہور میں کیاجائے گا۔اگست کے آخر میں توانائی ،تجارت اور تعلیم کے حوالے سے کراچی میں قومی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔اجلاس میں سینیٹر اسحق ڈار،احسن اقبال،پرویزرشید،مشاہداللہ،انوشہ رحمن،طارق عظیم اور وزیراعلیٰ شہبازشریف بھی شریک ہوئے۔
تبصرے