وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے راجن پور کے سیلاب متاثرین کو راشن فراہم کرنے کے لئے 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کر دی
روجھان (ثناء نیوز ) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے راجن پور کے سیلاب متاثرین کو راشن فراہم کرنے کے لئے 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ سیلاب کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کے لواحقین کو فوری طور پر 4 ، 4 لاکھ ادائیگی کا حکم دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے جبکہ وزیر اعظم نے سیلاب سے بچنے کے مستقل حل نکالنے کے لئے واپڈا کے انجینئرز کی ٹیم بھی علاقہ میں بھیجنے کا اعلان کیا ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری میں سیلاب متاثرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ ، فردوس عاشق اعوان ، عبدالحفیظ شیخ ، دوست محمد مزاری ، مخدوم شہاب الدین اور میر بلخ شیر مزاری بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بارشوں اور کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلوں کے نتیجہ میں ہونے والا نقصان پر افسوس ہے ۔ متاثرین بڑے بہادر لوگ ہیں جنہوں نے مصیبت کا مقابلہ بہادری اور جرات سے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت نے امدادی سامان بھیجا جس میں ٹینٹ ، خوراک اور سہولیات کی دیگر اشیاء تھیں میں میر بلخ شیر مزاری اور وزیر مملکت دوست محمد مزاری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ ضلع راجن پور میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے حتی المقدور کو شش کی ہے کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔ مجھے یہاں آ کر معلوم ہوا کہ 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ میں ان کی مغفرت کے لئے دعا کرتا ہوں ۔ لوگوں کے مکانات گرے اور فصلین تباہ ہوئیں اس کی معلومات میں نے ڈی سی او ،کمشنر اور دوست محمد مزاری ، مخدوم شہاب الدین اور میر بلخ شیر مزاری نے دی ہیں ۔ میں متاثرین کے لئے امداد کو دو حصوں میں تقسیم کروں گا ۔ متاثرین تک ٹینٹ ، ادویات اور خوراک فوری پہنچائی جائے اور دوسرے مرحلہ میں گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا ۔ نقصانات کے ازالہ کے لئے وفاقی حکومت اپنا بڑا حصہ اس میں ڈالے گی ۔ وزیر اعظم نے سیلاب کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کے اہلخانہ کو فوری طور پر 4 لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ ضلع راجن پور میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا میں صرف ضلع راجن پور کے لئے 10 کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کرتا ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان بیت المال کو ہدایت کرتا ہوں کہ فوری اس علاقہ میں پہنچے ۔ یوٹیلیٹی سٹور سے معیاری اشیاء لے کر متاثرین کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ہمارے ہمراہ ہیں جتنی بھی متاثرین کے لئے درکار ہوں گی وہ وفاقی حکومت فوراً پہنچائے گی ۔ ا نہوں نے کہا کہ مسئلہ کے مستقل حل کے لئے بچاؤ بند کو چار فٹ بلند کیا جائے گا جبکہ کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلوں کے مستقل حل کے لئے میں فوری طور پر واپڈا کے انجینئرز کو یہاں بھیج رہا ہوں ۔ نہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ ہم نے مل جل کر کرنا ہے ہم نے مدد کے لئے لپکنا ہے ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں نے متاثرین کی امداد کے لئے بڑی دلچسپی لی ہے ۔ صدر زرداری نے لندن سے فون کر کے مجھے پوچھا کہ آج آپ نے کہاں کہاں جانا ہے ان کی ہدایت پر یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں تک پہنچیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کے عہدیداروں سے کہوں گا کہ ہر متاثرہ گھر تک پہنچیں اور کوئی ایک شخص بھی راشن کے بغیر نہ رہے یہ ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قدرتی آفات سے محفوظ رکھے اور لوگ اپنے گھروں میں اپنے بچوں کے ہمراہ ہنسی خوشی زندگی گزاریں ۔ اس موقع پر وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو ڈی سی او راجن پور نے ضلع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی ۔
Ehtasabi Amal Lahore احتسابي عمل لاھور
تبصرے