وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی سمت متعین کر دی ہے
اسلام آباد (ثناء نیوز )وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی سمت متعین کر دی ہے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر ہوں گے اسلام آباد میں بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے ہم اپنے ہمسایوں کو تبدیل نہیں کر سکتے ۔وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دونوں ملکوںکے درمیان تعلقات کی بہتری میں وزیر خارجہ حناء ربانی کھر اور بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مثبت طرز عمل کے ذریعے کشمیر، سیاچن ،سرکریک اور دوسرے مسائل کو حل کرنا ہے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان برداشت کیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے سیاسی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کااظہار کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان چھ سال بعد مشترکہ وزارتی کمیشن کی بحالی سے د و طرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں امن و استحکام اور خوشحالی چاہتا ہے ایس ایم کرشنا نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اچھا ماحول پایا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام بھی پاکستان کے عوام کے لیے خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں رہنماء پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوںگے۔
تبصرے