چار سال تک بین الاقوامی کرکٹ کے ہر اچھے برے فیصلے کا حصہ بنے رہنے والے ہارون لوگارٹ آئندہ ماہ سری لنکن کرکٹ کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ یا پریزنٹیشن سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حوالے کرنے والے ہیں
کولمبو(ثناء نیوز)چار سال تک بین الاقوامی کرکٹ کے ہر اچھے برے فیصلے کا حصہ بنے رہنے والے ہارون لوگارٹ آئندہ ماہ سری لنکن کرکٹ کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ یا پریزنٹیشن سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حوالے کرنے والے ہیں۔ہارون لوگارٹ نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ چھوڑا تو سری لنکا والوں کو ان میں نہ جانے ایسی کیا خوبی نظر آئی کہ انہیں اپنا ایڈوائزر بنادیا کہ سری لنکن کرکٹ کی بہتری کے لیے وہ ایک تفصیلی رپورٹ انہیں تیار کرکے دیں۔ہارون لوگارٹ اس کام کے لیے سری لنکا آئے اور سابق کرکٹرز ہوں یا منتظم صحافی ہوں یا کرکٹ سے متعلق کئی دوسرے لوگ ان سب سے ملے ان کی رائے جانی اور اب وہ ایک پریزنٹیشن تیار کرنے میں لگے ہوئے ہیں جو توقع ہے کہ اکتوبر تک سامنے آجائے گی اور اس کے بعد ہارون لوگارٹ کا کام ختم ۔ظاہر ہے انہیں اتنے ہی کام کے پیسے دیے گئے ہیں۔اب یہ معلوم نہیں کہ اس پریزنٹیشن کی روشنی میں سری لنکن کرکٹ حکام اپنے ملک کی کرکٹ میں کیا انقلاب لے آئیں گے۔لوگوں کو اس بات پر حیرت ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنے ہی سابق کرکٹرز کی آرا اور تجاویز کی روشنی میں ملکی کرکٹ کے ڈھانچے کو اچھے انداز میں استوار کرسکتا تھا اس کے لیے بھاری معاوضے پر باہر کے آدمی کی خدمات حاصل کرنے کی کیا ضرورت تھی۔سری لنکن کرکٹ بورڈ بھی حکومتی آشیرباد پر چلتا رہا ہے۔ سرکار کو کرکٹ بورڈ کے کسی چیئرمین کی کوئی بات بری لگی تو اسے گھر کا راستہ دکھادیا گیا بلکہ ایک آدھ تو مبینہ کرپشن کے الزامات میں جیل بھی دیکھ آئے ہیں۔یہ بات ابھی تک سمجھ میں نہیں آتی کہ کبھی تو سری لنکن کرکٹ میں کرپشن کا واویلا مچ جاتا ہے ظاہر ہے اس کا مطلب یہ ہوا کہ پیسہ ہے تو کرپشن ہوئی ہوگی اور کبھی ذرائع ابلاغ میں یہ شہ سرخیاں چمکتی ہیں کہ بورڈ کے پاس کھلاڑیوں کے معاوضے دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں ۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کو حالیہ کرکٹ لیگ سے کافی فائدہ ہوا ہے اس نے پہلے سے لیگ کرانے والوں سے یہ طے کرلیا ہے کہ منافع ہو یا نقصان ایک خاص رقم کرکٹ بورڈ کو ضرور ملے گی۔سری لنکا کے تین بڑے سٹیڈیمز پریماداسا، پالیکلے اور ہمبنٹوٹا ابھی تک مسلح افواج کے پاس ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان میدانوں کی دیکھ بھال کرے ۔ورلڈ کپ کے لیے پریماداسا سٹیڈیم کو بالکل نیا کردیا گیا جبکہ پالیکلے اور ہمبنٹوٹا میں نئے سٹیڈیمز تیار کیے گئے اور یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کئی ملین ڈالرز کے خسارے میں ابھی تک دبا ہوا ہے کیونکہ اس تمام منصوبے کے لیے جو رقم رکھی گئی تھی اخراجات اس سے کہیں زیادہ بڑھ گئے۔
Ehtasabi Amal Lahore احتسابي عمل لاھور
Ehtasabi Amal Lahore احتسابي عمل لاھور
تبصرے