سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی الوداعی بارشوں نے تباہی مچا دی

اسلام آباد+ لاہور+ کراچی (ثناء نیوز ) سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی الوداعی بارشوں نے تباہی مچا دی ۔ مختلف حادثات میں 24 افراد جاںبحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔ بارشوں کے نتیجہ میں مختلف علاقوں میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں جس سے کاشت کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔سندھ کے مختلف علاقوں میں حیدر آباد ، بدین، ٹھٹھہ، سکھر، عمر کوٹ ، خیر پور، کندھ کوٹ اور کشمور میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں اور نہروں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جبکہ اس سے مختلف حادثات میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں خیر پور میں کرنٹ لگنے سے ایک بچی سمیت دو افراد جاںبحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا کندھ کوٹ میں خاتون مکان کی چھت گرنے سے لقمہ اجل بن گئی ۔ حیدر آباد میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاںبحق ہو گئے ۔سکھر اور گردنواح میں بارش کی وجہ سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا پنجاب کے شہر فیصل آباد میں جاری موسلادھار بارش سے متعدد مکانات کی چھتیں زمین بوس ہو گئیں جس سے 16 سالہ لڑکا جاںبحق اور 7 افراد زخمی ہوئے۔ ناروال میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاںبحق ہوئے ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف علاقوں میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد جاںبحق اور متعدد زخمی ہو گئے راجن پور میں بارش کے باعث 2 مکانات پر چھت گرنے سے خاتون جاںبحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے سب سے زیادہ لورالائی اور قلعہ سیف اﷲ کے علاقے متاثر ہوئے جہاں بارش کے باعث 100 سے زائد مکانات منہدم ہو ئے جبکہ 2 خواتین سیلابی ریلے میں بہہ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں ۔جعفر آباد ، بولان، سبی، ژوب، ڈیرہ مراد جمالی اور ضلع لسبیلہ میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے محکمہ موسمیات نے سندھ، پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں مزید بارشوںکی پیشگوئی کی ہے۔




تبصرے