امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان بھارت کی وکٹ پر کھیل رہاہے

دیر بالا (ثناء نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان بھارت کی وکٹ پر کھیل رہاہے ۔ پاکستان نے بنیادی مسئلہ کشمیر اور بھارت کی آبی جارحیت کا مذاکرات میں کہیں ذکر تک نہیں کیا جبکہ بھارتی وزیر خارجہ پاکستان کو بمبئی حملوں کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور پاکستان کو دہشتگردی پر قابو پانے کی ڈکٹیشن دیتا رہا۔ پاکستانی حکمرانوں نے امریکہ کے بعد بھارت کے ناز نخرے اٹھانے شروع کردیے ہیں ۔مذاکرات میں کشمیر کو طاق نسیاں میں رکھ دیاگیا۔ کشمیر پاکستانی اور کشمیری عوام کے نزدیک بنیادی مسئلہ ہے اور اس کو حل کیے بغیر بھارت کے ساتھ کبھی تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے ۔ حکومت امریکی دباؤ میں آ کرملکی مفادات کوبھارتی مفادات پر قربان کر رہی ہے۔ حکمران امریکہ کے بعد اب بھارتی غلامی کا طوق بھی ہمارے گلے میں ڈالناچاہتے ہیں۔ ہم عوام کو امریکی غلاموں سے نجات دلانا چاہتے ہیںاور امریکی پالیسیوں اور نیٹو کے اسلام دشمن ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا کے اسٹیڈیم میں جلسہ اسلامی انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان ، سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان اور ضلعی امیر صاحبزادہ فصیح اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔سید منور حسن نے کہاکہ لوگوں نے ووٹ کا رویہ نہ بدلا تو ظلم کی طویل رات کو سحر میں نہیں بدلا جاسکتا ۔ ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خاتمے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ حکومت اپنی کارستانیوں سے ملک میں ایمرجنسی لگوا کر الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہے یا کم از کم ایک سال کی مہلت لیناچاہتی ہے ہم نے تمام پارٹیوں کو گرینڈ الائنس کی تجویز اسی لیے دی ہے تاکہ قوم کو حکومت کے خلاف متحد کر کے الیکشن سے بھاگنے کا موقع نہ دیا جائے ۔اب تک گرینڈ الائنس بن جاناچاہیے تھا ۔ جب تک ظالموں کاٹولہ ملک کے اقتدار پر قابض رہتے ہوئے سیاہ و سفید کا مالک بنا رہے گا ، مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی ختم نہیں ہو سکتی ۔ امریکی تابعداروں کاٹولہ تمام وسائل لوٹ لیناچاہتاہے ۔ پوری دنیا میں تبدیلی کی ہوائیں چل رہی ہیں ، پاکستان دنیا سے الگ تھلگ نہیں رہ سکتالوگ یہاں بھی تبدیلی چاہتے ہیں جس کے لیے وہ حکمرانوں کو الیکشن سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ۔سید منورحسن نے کہاکہ امریکہ اپنے ظالمانہ نیوورلڈ آرڈر کو دنیا پر مسلط کرناچاہتاہے اور جو اس کاانکار کرتاہے اسے دہشتگرد قرار دے دیا جاتاہے ۔ دنیا پر اس کے پیدا کرنے والے کا نام ہی غالب آئے گا اور اسلام ہی عالمی امن اور فلاح کا ضامن ہے ۔ امریکہ نے جب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نام پر مسلمانوں کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنا نا شروع کیاہے ، جہاد کو تقویت ملی ہے ۔ امریکہ نے ہمارے حکمرانوں کو اپنے ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنا رکھاہے ۔ امریکہ و نیٹو پورے پاکستان کو سلالہ بناناچاہتے ہیں ۔ نیوورلڈ آرڈر کو مسترد کیے بغیر اسلامی غلبہ ممکن نہیں ۔ پاکستان کی آزادی کے تحفظ کے لیے امریکی ڈالروں سے کھیلنے والے حکمرانوں کو اقتدار سے نکالنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مصر ، تیونس ، مراکش میں آنے والی تبدیلی نے ظلم میں پسے ہوئے مسلمانوں کو ہر جگہ امید کی راہیں دکھائی ہیں ۔ حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینااور عالمی تبدیلی کو سامنے رکھناچاہیے ۔ لوگ ظلم و جبر کے نظام کیخلاف ہر جگہ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اخوان المسلمون اور جماعت اسلامی دو جسم یک جان ہیں ۔ دونوں کا ایجنڈا غلبہ اسلام اور ظلم و جبر کے نظام کا خاتمہ ہے ۔ پاکستان اس تبدیلی سے زیادہ دیر تک دو ر نہیں رہ سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ و نیٹو فوجیں تمام تر جدید اسلحہ کے باوجود نہتے افغانوں کے ہاتھوں شکست کھا چکی ہیں جبکہ سات لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکی ۔ عالمی منظر نامہ بدل رہاہے ۔ محروم و مجبو ر لوگوں کے اندر اس ظالمانہ نظام کے خلاف نفرت پیدا ہو چکی ہے ۔ پاکستان میں بھی نسل درنسل اقتدار پر قابض 5-6 سو لوگوں کی ضمانتیں ضبط کرا کر انتخابات کو انقلاب بنایاجاسکتاہے ۔ عوام کی تمام محرومیوں کے مجرم یہی ہیں جنہوں نے انہیں تعلیم ، صحت اور روزگار سے محروم کر دیاہے۔




تبصرے