اسلام آباد(ثناء نیوز )پاک بھارت سیکریٹریز خارجہ کے مذاکرات ،وزرائے خارجہ کے مذاکرات کاایجنڈاطے کرلیا گیا۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان8اقسام کے ویزے جاری کرنے پراتفاق ہوگیا ،دونوں ممالک کے درمیان آج اہم مفا ہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے ، پاک بھارت سیکریٹری خارجہ کاکہنا ہے کہ دہشتگردی،دونوں کامشترکہ مسئلہ ہے،ملکرحل کریں گے۔پاک بھارت سیکریٹریز خارجہ کے مذاکرات جمعہ کو وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہوئے جن میں دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کے درمیان آج ہفتہ کو ہونے والے مذاکرات کا ایجنڈا طے کیا گیا ۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ کے مذاکرات کاایجنڈاطے کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا مسئلہ اہم ہے، مسئلہ کشمیر بھی حل ہونا چاہئے اس کے بغیر خطے میں امن و استحکام نہیں آ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سے معاہدوں پر نظر ثانی کی ہے،کچھ مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے ،دونوں ممالک کے درمیان مسائل حل ہونے چاہیئیں۔پاکستان اور بھارت کو تمام مسائل پر بات کرنا ہو گی۔جلیل عباس جیلانی نے بتایا کہ سیکریٹری خارجہ مذاکرات کی پیشرفت رپورٹ وزرائے خارجہ کو دی جائیگی۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اوربھارت کے درمیان8اقسام کے ویزے جاری کرنے پراتفاق ہوگیا ہے، ویزااقسام میں سفارتی،غیرسفارتی،36گھنٹوں کاٹرانزٹ وزٹ،سیاحت شامل ہے، تاجروں،میڈیا،سول سوسائٹی اورعوام کوبھی ویزاجاری کیاجائیگا۔سیاحتی ویزا5مقامات کیلئے6ماہ کی مدت کیلئے جاری ہوگا،غیرسفارتی درجے میں سفارتی اسٹاف کوویزوں کااجراہوگا۔500پاکستانی شہریوں کو اجمیر شریف عرس پر جانے کی اجازت ہو گی جبکہ بھارتی سکھ اپنے مذہبی تہواروں پر پاکستان آ سکیں گے ۔بزرگ شہریوں کے لیے بھی اس ویزہ پا لیسی میں خصوصی رعایت ہو گی ذرائع کے مطابق پاک بھارت ویزااجراکے نئے معاہدے پر آج ہفتہ کو دستخط ہونے کاامکان ہے۔ اس موقع پر قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے بھی معاہدے پر دستخط ہوں گے جس سے پاکستان اور بھارت کی جیلوں میں قید دونوں ممالک کے قیدیوں کی رہائی ممکن ہو سکے گی ۔خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات میں بھارت کی جانب سے دھشتگردی کے خاتمے اور تجارت پر بات کی گئی ۔بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا آج پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر دونوں وزراء گزشتہ ملاقات کا جائزہ لیں گے۔
Newspaper in Pakistan,since 1997.(Need Reporters from all the cities of Pakistan) ehtasabiamal@gmail.com (For website SponsorShip Contact us ھفت روذھ احتسابي عمل لاھور
تبصرے